وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مریم نواز اسکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سال قبل جہاں خالی زمین تھی، آج وہاں عالمی معیار کا آٹزم سینٹر قائم ہو چکا ہے، جسے دیکھ کر دل خوشی سے سرشار ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کے اس پہلے سرکاری آٹزم سینٹر میں ایک ہی چھت تلے آٹسٹک بچوں کے علاج، تعلیم اور بحالی کی تمام جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شاید دنیا بھر میں بھی آٹسٹک بچوں کے لیے اس نوعیت کی جامع سہولتیں ایک ہی جگہ دستیاب نہ ہوں۔
مزید پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں کون سی نئی اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا؟
مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 20 ہزار سے زائد خصوصی بچوں کا علاج اور سرجری کرکے انہیں نارمل زندگی کی طرف لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست آٹسٹک بچوں اور ان کے والدین کا بوجھ بانٹنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، کیونکہ 90 فیصد نادار طبقہ اپنے بچوں کا مہنگا علاج خود نہیں کرا سکتا۔
وزیراعلیٰ نے اپنی ذاتی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی بھانجی کے بیٹے ابراہیم کو ڈھائی سال کی عمر میں آٹزم تشخیص ہوا، جس کے بعد خاندان نے اس کیفیت کو قریب سے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ آٹسٹک بچوں کے والدین غیر معمولی صبر اور حوصلے کے ساتھ روزمرہ چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں اور ریاست کا فرض ہے کہ ان کی مدد کرے۔
یہ کام صرف آٹزم سینٹر تک محدود نہیں بلکہ پنجاب میں خصوصی بچوں کے لیے سینٹرز آف ایکسیلینس قائم ہوئے اور 30 ہزار بچوں کی سرجریز ممکن بنیں، چاہے وہ کوکلیئر امپلانٹس ہوں یا سماعت کے آلات، ہزاروں بچوں کو معمول کی زندگی کی طرف واپس آنے کا موقع ملا۔ مریم نواز@MaryamNSharif #Punjab pic.twitter.com/RJD3K7pDIS
— Media Talk (@mediatalk922) February 12, 2026
انہوں نے کہا کہ آٹزم سینٹر میں اسپیچ تھراپی، میوزک تھراپی، آرٹ تھراپی، آکوپیشنل تھراپی، ساؤنڈ پروف اسپیکنگ روم، اوپن ایئر جم اور خصوصی ٹیکسچرڈ فرش جیسی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ بچوں کو مختلف تھراپی کے ذریعے اعتماد کے ساتھ زندگی گزارنا اور اپنے خیالات کا اظہار کرنا سکھایا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ آٹسٹک بچوں کی سہولتوں کو ہر ضلع کی سطح تک وسعت دی جائے گی، خصوصی اساتذہ کی تربیت اور والدین کی ٹریننگ کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ پنجاب بھر میں خصوصی بچوں کے لیے 70 خصوصی بسیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا کی ملاقات
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایک اسکول نہیں بلکہ ایک سماجی انقلاب کی بنیاد ہے۔ تقریب میں سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزرا اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھی اس ادارے کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا اور آٹسٹک بچوں کے والدین کو یقین دلایا کہ ریاست ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔














