پشاور ہائیکورٹ : دہشتگردوں کی دوبارہ آبادکاری، عمران خان اور جنرل (ر)فیض کے خلاف کیس کی سماعت

منگل 30 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالشکور نے  طالبان سے معاہدہ کی تحقیقات کرنے کے لیے کمیشن کے قیام کے لیے دائر درخواست پر ریمارکس دیے ہیں کہ کمیشن بنانے کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے، درخواست گزار پہلے حکومت سے رابطہ کرے۔

پشاور ہائیکورٹ میں دہشتگردوں کی آبادکاری، سابق وزیر اعظم عمران خان اور جنرل (ر) فیض حمید سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس عبدالشکور نے کی۔

درخواست عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے دائر کی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ طالبان کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی تحقیقات کر کے اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

دوران سماعت جسٹس عبدالشکور نے ریمارکس دیے کہ آپ ہمیں بتائیں، عدالت ایسے معاملات میں مداخلت کر سکتی ہے، کمیشن بنانے کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے،آپ حکومت سے پہلے رابطہ کریں۔

وکیل نے کہا کہ درخواست گزار ایمل ولی خان حکومت میں نہیں ہے جس پر جسٹس عبدالشکور نے استفسار کیا کہ ایمل ولی خان کون ہے اور کیا کام کرتا ہے؟ وکیل بابر خان یوسفزئی نے جواب میں کہا کہ ایمل ولی خان سیاسی پارٹی کا صوبائی صدر ہے۔ عدالت نے کیس میں وقفہ کر دیا۔

پختون قوم کا مؤکل بن کر عدالت میں آیا ہوں، ایمل ولی خان

اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پختون قوم کی طرف میں مؤکل بن کر پشاور ہائیکورٹ میں استدعا لے کر آیا ہوں، ہم دہشتگردوں کی دوبارہ آباد کاری کے خلاف عدالت آئے ہیں، عدالت میں ایسا محسوس ہوا کہ عدالت بھی قریب نہیں جا رہی ہے۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ ایک بار پھر اس خطے میں آگ لگائی جا رہی ہے۔ یقینی بات ہے کہ اس سے مزید حالات خراب ہوں گے، ہر روز پختون شہید ہو رہے ہیں، دہشتگرودں کی دوبارہ آباد کاری کے بعد بڑے واقعات پیش آئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے بے گناہ ورکرز کو چھوڑ دیا جائے

ایمل ولی خان نے کہا کہ پیمانہ ایک ہونا چاہیے جو سلوک پی ٹی آئی کے بڑوں کے ساتھ ہو رہا ہے وہ کارکنوں کے ساتھ بھی ہونا چاہیے۔ ایک پریس کانفرنس کے بعد رہنما پاک صاف ہوجاتا ہے، اس کو ہم رد کرتے ہیں،اگر یہی پیمانہ ہے تو  پی ٹی آئی کے ہزاروں ورکرز کو بھی چھوڑ دیا جائے۔

رہنما اے این پی کا کہنا تھا کہ ’نہ میں پی ٹی آئی کو جمہوری مانتا ہوں اور نہ عمران خان کو،6 جنرلز کے پراجیکٹ کو ایک جنرل ختم کر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp