اسرائیلی حکام نے اپنے ایک شہری اور ایک فوجی ریزرو اہلکار پر فردِ جرم عائد کر دی جن پر الزام ہے کہ انہوں نے ایران کے خلاف جنگ سے متعلق خفیہ معلومات استعمال کر کے شرطیں لگائیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا ایران پر حملہ، ایرانی سپریم لیڈر کا خطرناک بیان
حکام کے مطابق تحقیقات کے بعد پراسیکیوشن نے دونوں ملزمان پر سنگین سیکیورٹی جرائم، رشوت ستانی اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔
بیان میں ان کے عہدے یا سیکیورٹی کلیئرنس کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔
اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ ان شرطوں سے کوئی عملی یا آپریشنل نقصان نہیں ہوا تاہم اسے سنگین اخلاقی ناکامی اور ریڈ لائن کراس کرنے کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔
ملزمان میں سے ایک کے وکیل نے اپنے مؤکل کو انتہائی باعزت شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسرائیل کی سیکیورٹی کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور ان پر عائد الزامات نامناسب اور امتیازی کارروائی ہیں۔
مشتبہ شرطیں اور منافع
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک صارف نے جون 2025 میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں سے متعلق غیر معمولی درستی کے ساتھ متعدد شرطیں لگائیں۔ بتایا گیا ہے کہ 13 جون کو ایران پر اسرائیل کے ابتدائی حملے سے چند گھنٹے قبل ہزاروں ڈالر کی شرط لگائی گئی۔ مجموعی طور پر مبینہ منافع تقریباً 150,000 ڈالر تک پہنچ گیا۔
مزید پڑھیے: ایران کا اسرائیل پر پھر تباہ کن حملہ، متعدد ہلاک و زخمی
یہ شرطیں اسرائیل کے اچانک حملے کے وقت سے متعلق تھیں جس میں ایران کی فوجی تنصیبات، اعلیٰ حکام، کمانڈرز، جوہری تنصیبات اور سائنسدانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
پولی مارکیٹ کا پس منظر
یہ شرطیں امریکی پلیٹ فارم پولی مارکیٹ پر لگائی گئیں جو صارفین کو سیاسی اور عالمی حالات حاضرہ کے واقعات پر شرط لگانے کی اجازت دیتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم پہلے بھی تنازعات کا شکار رہ چکا ہے۔
مزید پڑھیں: ایران پر امریکا اسرائیل حملہ خطے کے امن پر کاری وار تھا، صدر مسعود پیزشکیان
جنوری میں ایک نامعلوم تاجر نے مبینہ طور پر 32 ہزار ڈالر کی شرط کو 400 ہزار ڈالر سے زائد میں تبدیل کر دیا تھا جب اس نے درست پیش گوئی کی کہ ریاستہائے متحدہ امریکا وینزویلا پر حملہ کرے گا اور صدر نکولس مادورو کو ہٹا دے گا۔ یہ شرط اس وقت لگائی گئی جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 3 جنوری کو اچانک کارروائی کا حکم دیا۔ اس معاملے میں تاحال کسی فوجداری مقدمے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔













