متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو 2 ارب ڈالر کی وقتی مالی معاونت دینے پر اصولی طور پر رضامندی ظاہر کردی ہے، جو صرف 2 ماہ کے لیے رول اوور کی جائے گی، یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب پہلے ایک ماہ کی توسیع صرف 2 دن میں ختم ہونے والی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ یقین دہانی پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی طرف سے یو اے ای کی اعلیٰ قیادت سے رابطے کے بعد دی گئی۔ متوقع ہے کہ رول اوور کی مدت 17 اپریل 2026 تک ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: چین، سعودی عرب اور یو اے ای کی پاکستان کو 12 ارب ڈالر قرض رول اوور کرنے کی یقین دہانی
یہ پیشرفت پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ تیسرے جائزے کی بات چیت اور 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی کے تحت ایک ارب ڈالر کی چوتھی قسط جاری ہونے سے قبل ہوئی ہے۔
یو اے ای نے مختصر مدت کے رول اوور کی منظوری 6.5 فیصد کی شرح سے دی ہے، جبکہ متعلقہ اتھارٹی کی رسمی منظوری کا انتظار ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اس معاملے پر فعال کردار ادا کر رہے ہیں اور رول اوور کی مدت ڈپازٹر کے اختیار میں ہے۔
قبل ازیں، یو اے ای نے 2 ارب ڈالر کا پہلے رول اوور صرف ایک ماہ کے لیے کیا تھا، جس میں ایک ارب ڈالر 16 فروری کو اور باقی ایک ارب 22 فروری کو میچور ہورہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: چین نے پاکستان کا 3.4 ارب ڈالر قرض رول اوور کردیا، زرمبادلہ ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان
وفاقی حکومت نے یو اے ای سے 2 سال کے لیے رول اوور کی درخواست کی تھی اور بعد ازاں دوبارہ توسیع کی تجویز دی تھی، آئی ایم ایف کے جائزے کے بعد اسلام آباد دوبارہ یو اے ای سے طویل مدتی رول اوور کی درخواست کرے گا۔
ابوظہبی ڈویلپمنٹ فنڈ کی طرف سے 3 ارب ڈالر پاکستان کے مرکزی بینک میں 3 قسطوں میں رکھے گئے ہیں، جن میں سے 2 قسطیں جنوری میں میچور ہوکر ایک ماہ کے لیے رول اوور کی جاچکی ہیں، جبکہ تیسری قسط جولائی 2026 میں میچور ہو گی۔
اس کے علاوہ سعودی عرب نے بھی 3 ارب ڈالر کی جمع رقم کی مدت ایک سال مزید بڑھانے کی منظوری دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای نے 2 ارب ڈالر ڈیپازٹس رول اوور کر دیے: گورنر اسٹیٹ بینک
اس مالی معاونت کے ساتھ پاکستان اس سال تقریباً 12 ارب ڈالر کے بیرونی ڈپازٹس کے رول اوور کی کوشش کررہا ہے، جس میں سعودی عرب اور چین سے تقریباً 9 ارب ڈالر شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا شیخ محمد بن زاید النیہان سے ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیراعظم شہبازشریف نے اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النیہان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے حالیہ دورہ پاکستان اور ملاقاتوں کو خوشگوار قرار دیا، وزیراعظم شہبازشریف نے اماراتی صدر کے دورہ اسلام آباد اور رحیم یار خان کے دوران کیے گئے خیرمقدم کو سراہا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانیوں کے لیے لیبر ویزے جلد بحال ہو جائیں گے، یو اے ای کے سفیر نے تصدیق کردی
وزیراعظم نے مشکل حالات میں اماراتی تعاون کو قابل تحسین قرار دیا اور برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور مستقبل میں قریبی رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔













