حنا پرویز بٹ سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں:”اس اشتہار کو آسکر دیں پہلے”

منگل 30 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سانحہ 9 مئی کے بعد جہاں عمران خان کی اپنی جماعت کے لوگوں نے ان سے راہیں جدا کر لیں وہیں سوشل میڈیا پر مختلف پیغامات کے ذریعے صارفین اپنے رد عمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

اس ضمن میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ خاصا وائرل ہے، جسے مسلم لیگ ن کی نامور شخصیات بھی ری ٹویٹ اور شیئر کر رہی ہیں۔

 ویڈیو کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایک خاندان کے لوگ عمران خان کی حمایت اور مخالفت میں لڑتے نظر آتے ہیں اور سانحہ 9 مئی کے بعد تحریک انصاف کی حمایت کرنے پر بڑا بھائی گھر چھوڑنے کی دھمکی دیتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ عمران خان کے کہنے پر جناح ہاؤس کو آگ لگائی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور شہیدوں کی یادگاروں کو توڑا گیا ہے۔ جس پر عمران خان کی حمایت کرنے والے فرد کو اپنی غلطی کا احساس ہوتا ہے اور وہ تسلیم کرتا ہے کہ میں نے عمران خان نے باتوں میں آ کر غلطی ہے۔

اس پر گھر کی مالکن کہتی ہیں کہ عمران خان جیسے سیاستدان تو روز پیدا ہوتے ہیں جبکہ نواز شریف جیسا سچا لیڈر کبھی کبھار پیدا ہوتا ہے اور یہ سنتے ہی جوش میں آ کرعمران خان کا کارکن اپنے لیڈر کی تصویراٹھا کر پھینک دیتا ہے اور اس کی جگہ نواز شریف کی تصویر رکھ دی جاتی ہے۔

اس ویڈیو کلپ کو سوشل میڈیا پر متحرک رہنے والی مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ کی جانب سے شیئر کیا گیا اور کہا گیا کہ عمران خان اب نفرت کی علامت بن چکا ہے۔

 حنا پرویز بٹ کی ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ صحافی اجمل جامی نے لکھا کہ اس قدر ’نادر‘ خیال، لا جواب ڈائیلاگز، لا زوال پروڈکشن اور ’آسکر ایکٹنگ‘ دیکھ کر یقیناً ’یش راج چوپڑا‘ کی روح تڑپ اٹھی ہو گی۔ داد قبول کیجیے پلیز۔

مہرین نامی صارف نے ویڈیو پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ اگلی بار بہتر اداکاروں اور پروڈکشن ہاؤس کی خدمات حاصل کریں۔

صحافی اسامہ غازی نے لکھا کہ اس کمال مہم کے بعد اب تو تحریک انصاف گئی، آج تک ایسا شاہکار نہیں دیکھا۔ ن لیگ کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے صرف اس ویڈیو کو ہر جگہ اور ہر چینل پر پھیلائیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ اس ویڈیو کو تو آسکر ایوارڈ ملنا چاہیے، میں اس سے بہت متاثر ہوئی ہوں۔

حماد احمد نامی صارف نے لکھا کہ تو پھر الیکشن ہو جائے؟ تاکہ عمران خان کو یہ قوم ووٹ کی طاقت سے پوری طرح مسترد اور ان کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم کر دے۔

https://twitter.com/i_hmd3/status/1663481764319227904?s=20

اس کے علاوہ سماجی رابطوں کی سائٹ ٹوئٹر پر ایک اور ویڈیو بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جو حکومتِ پاکستان کی جانب سے بنائی گئی ہے اور اس میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

 

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp