حیدر آباد، جامشورو و گردونواح میں طوفانی بارش اور ژالہ باری، 3 بچے جاں بحق

منگل 30 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے صوبہ سندھ کے علاقوں حیدر آباد، جامشورو اور گرد و نواح میں طوفانی بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے جس سے لوگوں کی املاک کو نقصان ہوا ہے اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق ایک گھر کی دیوار گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔

حیدر آباد میں جب تیز ہوائیں چلنا شروع ہوئیں تو اس سے کئی مقامات پر بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں جبکہ ایک مقام پر درخت کار پر گر گیا۔

تیز بارش اور ژالہ باری کے باعث کوٹری خدا کی بستی میں گھر کی دیوار گر گئی جس سے 3 بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ 5 افراد اس حادثے میں زخمی بھی ہوئے۔

ژالہ باری کے بڑے اولے پڑنے سے شہریوں کی باہر کھڑی گاڑیوں کی ونڈ اسکرینیں ٹوٹ گئیں جبکہ چھتوں پر رکھے گئے فائبر کے ٹینکوں کو بھی ان اولوں نے نقصان پہنچایا ہے۔

سوشل میڈیا پر مختلف تصاویر گردش کر رہی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹینس گیند جتنے ژالہ باری کے اولے پڑے ہیں اور لوگ اس صورت حال سے خوف کا شکار بھی نظر آئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp