9 مئی حملوں کی منصوبہ بندی، عملدرآمد پر عمران خان ملٹری کورٹ کا سامنا کریں گے، رانا ثناء اللہ

منگل 30 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے 9 مئی کو پیش آنے والے واقعات کی منصوبہ بندی کی اور پھر اس پر عملدرآمد کرایا اس لیے ان کے خلاف فوجی عدالت میں کارروائی کی جائے گی۔

ڈان نیوز کے پروگرام  میں بات چیت کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے فوجی تصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی اپنی گرفتاری سے قبل ہی کر لی تھی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان پر جو الزامات ہیں ان کو ثابت کرنے کے لیے ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں۔ ’یہ بات سمجھ میں نہیں آ رہی کہ عمران خان کہیں میں تو جیل میں تھا کیوں کہ سارا کچھ تو انہوں نے خود کرایا‘۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی ’فائرنگ اور ریپ ڈراما‘ رچانا چاہتی تھی جو بے نقاب ہوگیا، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے کے نعرے کے پیچھے یہ ساری منصوبہ بندی کی گئی۔ جو بھی تیاری کی گئی یہ سب اس شخص کے حکم پر ہوا۔

وزیر داخلہ کے مطابق جو بھی فساد برپا ہوا ہے اس کی ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوتی ہے جسے ثابت بھی کیا جائے گا۔

سب کچھ پہلے سے طے تھا کہ کہاں دھاوا بولنا ہے

انہوں نے کہا کہ سب کچھ پہلے سے طے کر لیا گیا تھا کہ کس نے کہاں پر دھاوا بولنا ہے اور اس کی اسٹریٹجی کیا ہو گی۔ سوشل میڈیا پر کیے گئے ٹوئٹس اور دستاویزی شکل میں اس کے ثبوت موجود ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ جب عمران خان نے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تو پھر بالکل میری سمجھ کے مطابق یہ کیس بھی فوجی عدالت کا ہی ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں نے ملک گیر احتجاج کیا تھا اور اس دوران فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کریک ڈاؤن کرکے ملزمان کی گرفتاریاں عمل میں لائی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں تحریک انصاف نے جو کیا حل تو یہ ہے کہ اسے کالعدم قرار دے دیا جائے: رانا ثنا اللہ

یہ بھی واضح رہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یہ فیصلہ کیا ہے جو لوگ فوجی تنصیبات پر حملے کرنے میں ملوث ہیں ان کے کیسز فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں گے جبکہ دیگر کے کیسز انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں چلیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp