بنگلہ دیش کے نومنتخب وزیرِ اعظم طارق رحمان نے تیرہویں قومی پارلیمانی انتخابات کے بعد عہدہ سنبھال لیا ہے اور 49 رکنی کابینہ تشکیل دے دی ہے، جبکہ حکومت کی 5 اہم وزارتیں اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم دفاع، عوامی انتظامیہ، ڈاک و ٹیلی مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس و ٹیکنالوجی اور نوجوانان و کھیل کی وزارتوں کی براہِ راست نگرانی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے: بنگلہ دیشی وزیراعظم طارق رحمان سے احسن اقبال کی ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت
نئی کابینہ کا پہلا باضابطہ اجلاس بدھ سہ پہر 3 بجے سیکریٹریٹ میں ہوگا۔
اہم تقرریاں
بی این پی کے سیکریٹری جنرل مرزا فخرالاسلام عالمگیر کو بلدیات، دیہی ترقی اور کوآپریٹوز کی وزارت سونپی گئی ہے، جبکہ میر شاہ عالم اسی وزارت میں وزیرِ مملکت ہوں گے۔
وزارتِ خزانہ و منصوبہ بندی امیر خسرو محمود چوہدری کو دی گئی ہے، جب کہ اتحادی رہنما زوناید ساقی وزیرِ مملکت مقرر ہوئے ہیں۔
بی این پی کی قائمہ کمیٹی کے رکن صلاح الدین احمد کو وزارتِ داخلہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔
خارجہ، اطلاعات اور دیگر وزارتیں
ڈاکٹر خلیل الرحمن وزیرِ خارجہ مقرر ہوئے ہیں جبکہ شمع عبید اسلام وزیرِ مملکت برائے خارجہ ہوں گی۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات ظاہر الدین سواپن کے سپرد کی گئی ہے اور یاسر خان چوہدری وزیرِ مملکت ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے: بنگلہ دیش میں نئے اراکین پارلیمنٹ نے حلف اٹھا لیا
دیگر اہم تقرریوں میں اقبال حسن محمود ٹکو کو توانائی، سردار سخاوت حسین باکول کو صحت، اور امین الرشید کو زراعت و ماہی پروری کی وزارت دی گئی ہے۔
کابینہ میں ماحولیات، سڑکیں و پل، سماجی بہبود، مذہبی امور، ثقافت اور دیگر شعبوں کے لیے بھی وزرا اور وزرائے مملکت مقرر کر دیے گئے ہیں، جب کہ عوامی انتظامیہ اور نوجوانان و کھیل کے لیے وزرائے مملکت کی ذمہ داریاں بالترتیب عبدالباری اور سابق قومی فٹبالر امین الحق کو سونپی گئی ہیں۔













