حکومت نے رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار کے اوقات میں بجلی اور گیس بلا تعطل فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے رمضان المبارک کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر مشترکہ پریس کانفرنس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ روزہ داروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: رمضان المبارک: مساجد میں پہلی تراویح کے روح پرور اجتماعات، بازاروں میں رونق
انہوں نے کہاکہ سحر اور افطار کے اوقات میں کسی بھی علاقے، بشمول ہائی لاس فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی جبکہ گیس پریشر برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
اویس لغاری نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاور اور پیٹرولیم ڈویژنز نے رمضان المبارک کے دوران صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ یوٹیلیٹی سروسز خصوصاً بجلی کی فراہمی بروقت اور بلا تعطل یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے بتایا کہ سحری اور افطار کے اوقات میں ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، سوائے کسی بڑے فنی خرابی کے۔ ہائی لاس فیڈرز پر اکنامک لوڈشیڈنگ بھی ان اوقات میں معطل رہے گی۔
’اس مقصد کے لیے پی آئی ٹی سی میں ایکسپریشن کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں تمام فیڈرز کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ شہری شکایات کے اندراج کے لیے 118 ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں، جنہیں فوری حل کیا جائے گا۔‘
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر گیس فراہمی کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
’صبح 3 بجے سے رات ساڑھے 10 بجے تک گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس پریشر برقرار رکھنے کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔‘
انہوں نے کہاکہ بروقت حکمت عملی کے باعث اس سال گیس سپلائی گزشتہ سردیوں کے مقابلے میں بہتر رہی ہے اور اضافی گیس کا انتظام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
’سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے ہیڈ آفسز میں سچویشن رومز قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ ریجنل دفاتر کو نیٹ ورک مانیٹرنگ بڑھانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ عوامی سہولت کے لیے شکایات کے اندراج کا نظام فعال ہے اور شہری 1199 ہیلپ لائن پر گیس سے متعلق شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ ایم ڈیز خود شکایات کے ازالے کی نگرانی کریں گے جبکہ روبو کال سسٹم کے ذریعے شکایات کے حل کی تصدیق بھی کی جائے گی۔ مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں صارفین ’’غیر مطمئن‘‘ کا آپشن استعمال کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، پاکستان میں کل پہلا روزہ ہوگا
وفاقی وزرا نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو پائیدار اور جامع ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی قابو میں ہے، ایندھن دستیاب ہے اور عوامی سہولت کو ہر حال میں یقینی بنایا جا رہا ہے۔













