امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی طارق رحمان اور بی این پی کو انتخابی کامیابی پر مبارکباد
بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو اپنے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر امریکی صدر کے خط کی تفصیلات جاری کیں، جس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے طارق رحمان کے کامیاب دور حکومت کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
خط میں امریکی صدر نے کہا کہ امریکا اور بنگلہ دیش کے تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، جبکہ آزاد اور کھلے انڈو پیسیفک کے فروغ کا مشترکہ مقصد دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری تجارتی معاہدے مثبت انداز میں آگے بڑھیں گے اور اس سے دونوں ممالک کے کسانوں اور محنت کشوں کو فائدہ پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی بی این پی کے سربراہ طارق رحمان کو مبارکباد
ڈونلڈ ٹرمپ نے دفاعی تعاون کے حوالے سے بھی بنگلہ دیش کو باقاعدہ فوجی معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے اقدامات کرنے کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ اس تعاون سے بنگلہ دیش کی مسلح افواج کو امریکا میں تیار کردہ جدید دفاعی سازوسامان تک بہتر رسائی حاصل ہو سکے گی۔
امریکی صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ وزیراعظم طارق رحمان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کو مزید خوشحال اور محفوظ بنانے کے خواہاں ہیں، جبکہ انہوں نے بنگلہ دیش میں تعینات امریکی سفیر برینٹ کرسٹینسن پر بھی اعتماد کا اظہار کیا۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واشنگٹن اور ڈھاکہ کے درمیان اقتصادی اور اسٹریٹجک شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی توقع کی جارہی ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہونے کا امکان ہے۔













