وزیر اعظم شہباز شریف نے ایٹمی بجلی گھر K3 منصوبے کا اعلان کر دیا

جمعرات 2 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایٹمی بجلی گھر کے تھری منصوبے کا اعلان کر دیا، اس منصوبے سے 1100 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی،کراچی میں نیوکلیئر پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار 2200میگاواٹ ہو جائے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا  کہ پلانٹ کا افتتاح میرے لیے قابل اعزاز ہے،پاکستان کو کلین اور سستی توانائی کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک منصوبے پر نواز شریف کے دور میں دستخط ہوئے،اب اس منصوبے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے،ماضی میں کچھ مشکلات تھیں جو خود پیدا کردہ تھیں،اگلے منصوبوں کے لیے چین کے ساتھ اور آگے بڑھیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تھر  کا کوئلہ سینکڑوں برس تک پاکستان کی ترقی میں کردار ادا  کر سکتا ہے،پاکستان میں ہائیڈرل پاور سے ساٹھ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان دو بہترین دوست ہیں، یہ دوستی گزشتہ 75 برسوں کے دوران تمام مصائب و مشکلات اور خوشیوں کے مواقع پر مزید مضبوط ہوتی گئی، چین نے سیلابوں میں، طوفانوں میں، زلزلوں میں جنگوں اور امن میں ساتھ دیا۔

شہباز شریف نے کہا  کہ دونوں ممالک کے درمیان 2015 میں نواز شریف کی قیادت میں سی پیک کا اربوں روپے کا منصوبے پر دستخط ہوئے اور آج ہزاروں میگا واٹ بجلی پاکستان میں بن رہی ہے اور سی پیک کے دوسرے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے،اگلے منصوبوں کے لیے چین کے ساتھ اور آگے بڑھیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی قریب میں کچھ مشکلات تھیں، کچھ مشکلات ہماری اپنی پیدا کردہ تھیں جس کی وجہ سے سی پیک تعطل کا شکار ہوگیا لیکن اب ہماری کوشش ہے کہ سی پیک منصوبہ تیزی سے آگے بڑھے، پشاور اور کراچی سے ریلوے کا منصوبہ ایم ایل ون اور انڈسٹریل زون بننے ہیں، اس منصوبوں پر بھی اب تیزی سے کام ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ تھر میں بے پناہ قدرتی وسائل ہیں، وہاں پائے جانے والے کوئلے کے ذخائر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں سیکڑوں سال تک بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں، اس کی بنیاد پر ہمیں بجلی کے منصوبے لگانے ہوں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمیں شمسی توانائی اور پن بجلی کے منصوبے لگانے ہیں جس سے ملک ترقی کرے گا اور اربوں ڈالر کی کروڈ آئل اور پیٹرولیم منصوعات کی درآمدات کی بچت ہوگی، یہ وہ واحد طریقہ ہے جس کے ساتھ ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔

 

 

 

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp