حکومت آزاد کشمیر نے ٹیلی کام سیکٹر میں اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ٹیلی کام کمپنیوں کے لیے ‘رائٹ آف وے چارجز’ ختم کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: موجودہ حکومت کی کامیابی ہے کہ عوام کا ریاستی نظام پراعتماد بحال ہوا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر
محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے یہ اقدام اس مقصد سے کیا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی توسیع تیز ہو اور انٹرنیٹ سروسز کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔
رائٹ آف وے فیس کے خاتمے سے ٹیلی کام آپریٹرز کے لیے آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کی لاگت میں نمایاں کمی آئے گی جس سے منصوبوں کی تکمیل کا عمل تیز اور خدمات کی دستیابی وسیع ہوگی۔
ون ونڈو سہولت سے آسانی
ٹیلی کام کمپنیوں کے لیے ون ونڈو سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جس کے تحت وہ ایک ہی دفتر میں درخواست جمع کروا کر متعلقہ محکمہ جات سے این او سی حاصل کر سکیں گے۔ اس سے انفراسٹرکچر کی تنصیب کا عمل مزید آسان اور شفاف ہوگا۔
صارفین کے لیے فوائد
اس اقدام سے نہ صرف ٹیلی کام آپریٹرز کو فائدہ ہوگا بلکہ آزاد کشمیر کے طلبہ، کاروباری طبقہ، فری لانسرز، آئی ٹی کمپنیاں اور سرکاری ادارے بھی معیاری اور تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
مزید پرھیے: مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے، پارٹی قیادت دست و گریباں
حکومت کے اقدامات اور پی ٹی سی ایل کی جانب سے آپٹیکل فائبر بچھانے کے عمل کی تکمیل کے بعد آزاد کشمیر میں غیر معیاری موبائل اور انٹرنیٹ سروس کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو جائے گا اور شہریوں کو جدید ڈیجیٹل سہولیات میسر ہوں گی۔














