اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے رمضان المبارک کے دوران ہائی ویز پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں ہائی وے پر تعینات خصوصی دستوں نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے ون ویلنگ کرنے والے 5 موٹر سائیکل سواروں کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کی موٹرسائیکلیں متعلقہ تھانوں میں بند کر دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ’گڈ سٹیزن‘ اسٹیکر کیا ہے؟
ترجمان کے مطابق لین کی خلاف ورزی اور اوورلوڈنگ کرنے والی ہیوی ٹریفک کے خلاف بھی سخت اقدامات کیے گئے اور 35 سے زائد گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے رمضان المبارک کے پیش نظر ہائی ویز پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے خصوصی اسکواڈز تعینات کر رکھے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ایک ہفتے میں کتنی گاڑیوں کے چالان کیے؟
چیف ٹریفک آفیسر حمزہ ہمایوں ان تمام کارروائیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ون ویلنگ، ہیوی ٹریفک پر اوورلوڈنگ اور لین کی خلاف ورزی سے گریز کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے شہری ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔












