بنگلہ دیش حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عید سے قبل مسجد کے خطیبوں، اماموں اور مؤذنوں کو ماہانہ اعزازیہ کی ادائیگیاں شروع کی جائیں گی۔ یہ اعلان ہفتہ کے روز کابینہ کے اجلاس کے بعد حکومتی بریفنگ میں کیا گیا۔
بنگلہ دیش میں وزیر اعظم کے مشیر برائے تعلیم، بیرون ملک روزگار اور انفارمیشن ٹیکنالوجی مہدی امین نے بتایا کہ کابینہ نے انتخابی وعدوں کے تحت مذہبی رہنماؤں کے مالی تعاون کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا بنگلہ دیشی وزیر اعظم طارق رحمان سے پارٹی اصلاحات کو اولین ترجیح دینے کا مطالبہ
مہدی امین نے کہا کہ ہمارے انتخابی منشور میں خطیبوں، اماموں، مؤذنوں اور دیگر مذاہب کے رہنماؤں کے لیے ماہانہ اعزازیہ اور تہوار الاؤنس دینے کا وعدہ شامل تھا۔ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق اس پروگرام کو مرحلہ وار عید سے پہلے نافذ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ادائیگیاں منتخب علاقوں میں عید سے قبل شروع کی جائیں گی۔
کابینہ نے ملازمت اور تعلیم کی اصلاحات سے متعلق وسیع پالیسی امور کا بھی جائزہ لیا، جس میں عوامی اور نجی شعبوں میں میرٹ کی بنیاد پر نوکریوں کی فراہمی، کاروباری مواقع کو فروغ دینا اور بیرون ملک انسانی وسائل کی برآمد کو مضبوط کرنا شامل تھا۔
مزید بتایا گیا کہ تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم کو بڑھانے کے ساتھ تجارتی اور صنعتی پالیسیوں میں اصلاحات پر بھی زور دیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کے لیے زیادہ مواقع پیدا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش نے بھارتی اسپائس جیٹ کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا
کابینہ اجلاس وزیراعظم طارق رحمان کی صدارت میں وزیر اعظم آفس، تےجگان میں ہوا، جو ان کے حلف اٹھانے کے بعد دوسرا اجلاس تھا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے پریس سیکریٹری ابو عبداللہ ایم صالح اور اضافی پریس سیکریٹری عتیق الرحمن رومان بھی موجود تھے۔













