دنیا کی مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے اکاؤنٹس کو مزید محفوظ بنانے کے نئے اکاؤنٹ پاس ورڈ فیچر پر کام شروع کردیا ہے، جس کے ذریعے سیکیورٹی کی ایک اضافی سطح فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: چھوٹے کاروبار کی ترقی کے لیے واٹس ایپ بزنس کے 5 فیچرز کیا ہیں؟
رپورٹس کے مطابق اس نئے فیچر کے تحت صارفین کو لاگ اِن کے وقت پہلے 6 ہندسوں پر مشتمل ویری فکیشن کوڈ درج کرنا ہوگا، جس کے بعد انہیں اپنا منتخب کردہ پاس ورڈ بھی داخل کرنا پڑے گا۔ اس طرح اگر کسی کے پاس ویری فکیشن کوڈ موجود بھی ہو، تب بھی پاس ورڈ کے بغیر اکاؤنٹ تک رسائی ممکن نہیں ہوگی۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ویبیٹا انفو کے مطابق صارفین کا منتخب کردہ پاس ورڈ 6 سے 20 کریکٹرز پر مشتمل ہوگا، جس میں کم از کم ایک حرف اور ایک نمبر شامل کرنا لازمی ہوگا۔ اگر صارف نے پہلے سے 2 اسٹیپ ویری فکیشن فعال کر رکھی ہو تو سسٹم پہلے ویری فکیشن کوڈ اور پھر پاس ورڈ طلب کرے گا۔
یہ نیا فیچر خاص طور پر سم سوئپنگ اور غیر مجاز رسائی جیسے خطرات سے بچاؤ میں مدد دے گا، کیونکہ اس سے اکاؤنٹ تک رسائی کے لیے اضافی تصدیق درکار ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ صارفین ہیکرز کے شدید خطرے میں، فوری بچاؤ کیسے کریں؟
واضح رہے کہ میٹا کی ملکیت واٹس ایپ اس وقت اس فیچر کو تیار کر رہی ہے اور اسے آئندہ اپ ڈیٹس میں تمام صارفین کے متعارف کرایا جائے گا۔ اس کے علاوہ کمپنی میسجز شیڈول کرنے اور میڈیا گیلری کے لیے نئے فلٹرز جیسے فیچرز پر بھی کام کررہی ہے تاکہ صارفین کو بہتر اور محفوظ تجربہ فراہم کیا جا سکے۔














