آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم تنویر الیاس خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ کافی عرصے سے ان کے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے مختلف نوعیت کے اختلافات رہے۔ انہوں نے ملک سنوارنے کی غرض سے کئی پروگرام دیے تھے لیکن عمل کسی پر نہیں ہوا۔
تنویر الیاس نے جناح ہاؤس لاہور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کئی ایسے انٹرویو موجود ہیں جن میں میں کہتا تھا کہ فوج ہمارا ایک ایسا ادارہ ہے جو کسی بھی نامساعد حالات میں سامنے آتا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک کھیپ تیار کی گئی ہمیں پتا تھا کہ انہیں ادائیگی کہاں سے ہو رہی ہے۔ عمران خان کے لگائے گئے پودوں نے 9 مئی کو جو کام کیا اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ کوئی پاکستانی ایسا نہیں جو قائد اعظم کا معترف نہ ہو۔ کون تصور کر سکتا تھا کہ ایک نالائق آدمی کی خاطر لوگ اس طرح کی حرکتیں کریں گے۔