۔
۔
پاکستان کے سابق آف اسپنر سعید اجمل کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں انہوں نے سابق وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی پر الزام عائد کیا ہے کہ 2009 ٹی20 ورلڈ کپ کی فتح کے بعد دیے گئے 25 لاکھ روپے کے چیک باؤنس ہوگئے تھے۔
یہ انکشاف سعید اجمل نے 2023 میں یوٹیوب پر نادر علی کے پوڈکاسٹ میں اور بعد ازاں گزشتہ برس احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں بھی کیا تھا، جس میں انہوں نے تفصیل سے بتایا کہ کھلاڑیوں کو صرف چیک دیے گئے لیکن رقم کبھی ادا نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: سعید اجمل کا شاندار کارنامہ، ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں نئی تاریخ رقم
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے اس واقعے پر شدید تنقید اور بحث جاری ہے، یہ معاملہ ایک بار پھر پاکستان کی کرکٹ اور سیاست کے درمیان پرانے تنازعات کو اجاگر کر رہا ہے اور کھلاڑیوں کے مالی حقوق پر سوالات اٹھا رہا ہے۔
2009 ٹی20 ورلڈ کپ اور انعامی چیک کا معاملہ
2009 میں یونس خان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ کے لارڈز گراؤنڈ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، یہ فتح 1992 کے ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کی دوسری بڑی عالمی کامیابی تھی۔ ٹیم میں سعید اجمل جیسے اہم کھلاڑی شامل تھے، جو اپنے منفرد آف اسپن اور ’دوسرا‘ گیند کے لیے مشہور تھے۔
اس وقت کے وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی نے کرکٹ ٹیم کی اس اعلیٰ کارکردگی پر ہر کھلاڑی کو 25 لاکھ روپے کا انعامی چیک دینے کا اعلان کیا تھا۔
🚨Breaking🚨
'PKR 25 Lakh Ka Cheque Bounce Ho Gaya' Pakistan's 2009 T20 WC-Winning Star Saeed Ajmal Makes Shocking Allegation. pic.twitter.com/VlfeSAH9HQ— Bharat Ratna (@onehindurasthra) September 30, 2025
تاہم، سعید اجمل نے 2023 میں نادرعلی کے پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا کہ جب ہم یہ چیک لے کر بینک گئے تو وہ باؤنس ہوگئے اور کھلاڑیوں کو یہ رقم کبھی نہیں ملی۔
’ہم نے چیک تو لیے، لیکن پیسے نہیں ملے۔ مجھے شدید حیرت ہوئی کہ حکومتی چیک بھی باؤنس ہو سکتا ہے۔ پھر ہم نے پی سی بی چیئرمین سے کہا کہ حکومت کی جانب سے دیے گئے چیک باؤنس ہوگئے ہیں، اس میں ہماری مدد کریں۔‘
سعید اجمل کے مطابق پی سی بی کا جواب تھا کہ یہ حکومت کا وعدہ تھا، ہمارا نہیں۔ ’آخر میں ہمیں صرف آئی سی سی کی جانب سے ملنے والی انعامی رقم ہی ملی، حکومتی چیک کیش نہیں ہوا۔‘
وائرل ویڈیو پر قاسم گیلانی کا ردعمل
سعید اجمل کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے سامنے آ رہے ہیں، وائرل ویڈیو پر سابق وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے اور رکنِ قومی اسمبلی قاسم گیلانی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 17 سال پرانی، غیر مصدقہ اور سیاسی مقصد کے تحت گھڑی گئی کہانیوں کو دوبارہ زندہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعید اجمل کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور بغیر ثبوت کے الزامات سے گریز کرنا چاہیے، اسی طرح سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بھی سنسنی اور سستی شہرت کے بجائے تحقیق اور سچ کو ترجیح دینی چاہیے۔
مزید پڑھیں: پی سی بی نے 2025-26 سیزن کے لیے امپائروں اور میچ ریفریز کے پینلز کا اعلان کر دیا
انہوں نے کہا کہ یہ ایک جھوٹی خبر ہے جو ان کے والد کے نام سے پھیلائی جا رہی ہے۔ ماضی میں بھی ان پر تنقید ہوتی رہی ہے اور انہوں نے ہر بات کا جواب خوش اسلوبی سے دیا ہے۔ ان کے بقول، ان کے والد نے بطور وزیرِاعظم ملک کی خدمت کی ہے اور سعید اجمل کو اس طرح کی باتوں سے اجتناب کرنا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر تنقید اور ردعمل
سوشل میڈیا پر اس معاملے پر گیلانی خاندان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ گر سعید اجمل کی عدم ادائیگی کی شکایت غلط ہے تو عدالت میں لے جائیں، لیکن آپ لوگ عوام کو سنجیدہ نہیں لیتے۔ یہ آپ کی روایت ہے کہ عوام کے کوئی حقوق نہیں۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ ادائیگی کا ایک بھی ثبوت دینے کے بجائےاس خاندان اور ان کے حامی چیخ رہے ہیں کہ سعید اجمل ہمارے اسکینڈل کیوں بے نقاب کر رہے ہیں؟ کوئی شرم، کوئی حیا نہیں۔
مزید پڑھیں: وہ لمحہ جب پاکستانی بولر نے بنگلہ دیشی وزیراعظم کو گھر جانے پر مجبور کردیا
صحافی شاکر اعوان نے ایکس پر لکھا کہ پاکستانی کھلاڑی سعید اجمل کا کہنا ہے کہ حکومت نے دھوکہ دیا اور 2009 ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد دیے گئے 25 لاکھ روپے کے چیک باؤنس ہوگئے۔
دوسری جانب، کچھ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ کھلاڑیوں کو عدم ادائیگی کے الزامات کی باضابطہ تحقیقات کی جائیں، اس واقعہ کو نہ صرف پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کا افسوسناک پہلو قرار دیا جا رہا ہے۔











