سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے اعلان کیا ہے کہ مسلح تنازعات سے متعلق مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیوز بغیر وضاحت کے شیئر کرنے والے صارفین کو 90 دن کے لیے ریونیو شیئرنگ پروگرام سے معطل کر دیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق نئی پالیسی کا مقصد جنگی حالات میں غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنا اور مستند معلومات تک رسائی کو یقینی بنانا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث آن لائن مواد کی سچائی پر سوالات بڑھ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایکس پر اشتہارات میں ہیش ٹیگز پر مکمل پابندی عائد
ایکس کے پروڈکٹ ہیڈ نکیتا بیئر نے کہا کہ جنگ کے دوران حقیقی معلومات تک رسائی انتہائی اہم ہوتی ہے جبکہ موجودہ اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے گمراہ کن مواد بنانا بہت آسان ہو چکا ہے۔
کمپنی نے واضح کیا کہ اگر کوئی صارف اے آئی سے تیار کردہ جنگی ویڈیو پوسٹ کرتے وقت اس کی مصنوعی نوعیت ظاہر نہیں کرے گا تو اسے 90 دن کے لیے آمدنی حاصل کرنے کے پروگرام سے خارج کر دیا جائے گا، جبکہ بار بار خلاف ورزی کی صورت میں مستقل پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک کی ایکس اے آئی نے گروک سے ویڈیو جنریشن اپ ڈیٹ کردی
یہ پالیسی اس پلیٹ فارم کے لیے اہم تبدیلی سمجھی جا رہی ہے جسے ایلون مسک کی جانب سے 2022 میں خریداری کے بعد مواد کی نگرانی سے متعلق نرم مؤقف پر تنقید کا سامنا رہا۔
ایکس کے مطابق خلاف ورزیوں کی نشاندہی کمیونٹی نوٹس سسٹم، میٹا ڈیٹا اور دیگر تکنیکی اشاروں کی مدد سے کی جائے گی تاکہ اے آئی سے تیار کردہ مواد کی درست شناخت ممکن بنائی جا سکے۔














