سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کے بھائی عامر ڈار نے پاکستان تحریک انصاف کے 9 مئی کو چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے تشدد کے واقعات اور حساس مقامات پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سیاست سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈار کا کہنا تھا کہ سیاست کی وجہ سے ان کے کاروبار کا خاصا نقصان ہوا ہے اور ان کا پولیس یا کسی بھی ادارے سے کوئی جھگڑا نہیں ہے۔
عامر ڈار نے کہا کہ ان کا آج سے کسی سیاسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ سیاست کو خیرباد کہہ رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’میرے بھائی اپنی رائے رکھتے ہیں اور مجھے اپنا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے اور یہ میرا ذاتی فیصلہ ہے کہ میں سیاست سے علیحدگی اختیار کروں‘۔