معروف بھارتی یوٹیوبر انوراگ دوبھال المعروف یوکے07 رائڈر نے ایک ویڈیو پیغام میں انکشاف کیا ہے کہ شدید ذہنی دباؤ اور گھریلو تنازعات کے باعث انہوں نے خودکشی کی کوشش کی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ دوسری ذات کی لڑکی سے شادی کرنے پر ان کے والدین اور بہن بھائیوں نے انہیں ذہنی و جسمانی طور پر ہراساں کیا۔
انسٹاگرام پر ’آخری پیغام‘ کی پوسٹ
انوراگ ڈوبھال، جو بھارتی رئیلٹی شو Bigg Boss 17 میں بھی شرکت کرچکے ہیں، نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تقریباً 2 گھنٹے طویل یوٹیوب ویڈیو کا اسکرین شاٹ ’آخری پیغام‘ کے عنوان کے ساتھ شیئر کیا۔
ویڈیو میں وہ روتے ہوئے دکھائی دیے اور کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں ان کی زندگی مکمل طور پر بدل چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا ’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ زندگی مجھے اس قدر نیچے گرا دے گی اور میں اتنا ٹوٹ جاؤں گا۔‘
شادی سے قبل دباؤ اور معافی کا مطالبہ
یوٹیوبر نے الزام لگایا کہ ان کے والدین نے شادی سے صرف 6 دن پہلے انہیں مجبور کیا کہ وہ تمام انتظامات خود کریں اور رشتہ داروں کے سامنے معافی مانگیں۔
ان کے مطابق، انہیں شدید ذہنی دباؤ میں رکھا گیا اور کہا گیا ’نہ ہم خوش رہیں گے اور نہ تمہیں خوش رہنے دیں گے۔‘
انٹر کاسٹ شادی پر تنازع
انوراگ ڈوبھال نے بتایا کہ انہوں نے اپنی دیرینہ دوست ریتیکا سے شادی کی، جسے خاندان نے قبول نہیں کیا۔
ان کا دعویٰ ہے کہ شادی کے بعد انہیں گھر میں داخل ہونے تک کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل تنازعات کے باعث ریتیکا نے بھی بعد میں ان کا ساتھ چھوڑ دیا۔
یاد رہے کہ انوراگ نے گزشتہ سال مئی میں ریتیکا سے شادی کی تھی اور ستمبر میں پہلے بچے کی آمد کی خوشخبری بھی سنائی تھی۔
ماضی کی بیماری اور خاندانی دباؤ
ویڈیو میں انہوں نے اپنی زندگی کے مشکل ادوار کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں 14 سال کی عمر میں دماغی ٹیومر کی تشخیص ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم اور کیریئر کے معاملے پر بھی انہیں خاندان کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے بقول، انہوں نے ہمیشہ والدین کی ضروریات کو اپنی خواہشات پر ترجیح دی اور اپنے خواب پورے کرنے کے لیے ٹیوشن تک پڑھائی۔
ڈپریشن اور سنگین الزامات
ویڈیو میں انتہائی افسردہ انداز میں انہوں نے کہا ’میں شدید ڈپریشن میں ہوں، مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ اس احساس کو کیسے ختم کروں۔ شاید اس ویڈیو کے بعد میں غائب ہو جاؤں۔ میں نے پانچ دن سے کچھ نہیں کھایا اور میرا دماغ مکمل طور پر تھک چکا ہے۔
انہوں نے اپنے بھائی کلام پر بھی الزام لگایا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر انہیں ’بے نقاب‘ کرنے کی دھمکی دی اور جائیداد سمیت دیگر چیزیں چھین لیں۔
تاہم ان سنگین الزامات پر تاحال ان کے خاندان کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔














