وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے انتقال پر ایرانی قونصل خانے کا دورہ کیا اور ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خوا سے تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر کا انتقال صرف ایران ہی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے بڑا نقصان ہے، پاکستان اور خیبرپختونخوا کے عوام اس مشکل اور غم کی گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کی ایرانی سفارتخانے آمد، آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر تعزیتی کتاب میں تاثرات درج کیے
انہوں نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ کی نمائندگی کرنے والے 2 بڑے رہنما تھے، جن میں سے ایک شہید ہو چکا ہے جبکہ دوسرا قید میں ہے۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ یہود و نصاریٰ نے ہمیشہ مسلمانوں کو تقسیم کیا یا ان پر حملے کیے، جبکہ قرآن میں بھی واضح طور پر اس حقیقت کی نشاندہی کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی پشاور میں ایرانی قونصل جنرل سے ملاقات!!!
معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان بھی وزیراعلی کے ہمراہ@ShafiJanPTI @SohailAfridiISF pic.twitter.com/S73vvZR8WI— Zahida Rao (@zahidarao123) March 5, 2026
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان اور خیبرپختونخوا کے عوام ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی اور اتحاد کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران کو ڈاکٹرز، ادویات، اسپیس نرسنگ یا کسی بھی قسم کی طبی اور انسانی مدد درکار ہوئی تو خیبرپختونخوا بھرپور تعاون کرے گا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ مسلمان متحد ہو کر ہر چیلنج کا مقابلہ کریں گے اور دعا ہے کہ اللہ ہمیں بھی شہادت کا درجہ عطا کرے۔
’ایران اپنے دفاع کے لیے آخری سانس تک لڑے گا‘
اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خوا نے وزیر اعلیٰ اور ان کے وفد کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں نے ایران کے سپریم لیڈر کو شہید کیا جو پوری ایرانی قوم کے لیے باپ کی حیثیت رکھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت ہمیشہ شہادت کی آرزو رکھتی تھی اور اسلام اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے مسلسل کام کرتی رہی۔ ان کے بقول سپریم لیڈر ایک عظیم انقلابی رہنما تھے جنہوں نے اسلام کے فروغ اور مسلم دنیا کے اتحاد کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔
ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ ایران نے جنگ شروع نہیں کی لیکن اپنے دفاع کے لیے آخری سانس تک لڑے گا اور جھکنے کے بجائے مرنا پسند کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران: سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای شہید، ایران میں 40 روزہ سوگ کا اعلان
انہوں نے کہا کہ حالیہ حملے بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی تھے جن میں سپریم لیڈر کی اہلیہ اور پوتے پوتیاں بھی شہید ہوئے جبکہ 160 اسکول کے بچے بھی جاں بحق ہوئے۔
علی بنفشہ خوا نے کہا کہ ایران کو یقین ہے کہ اللہ کی مدد اور برادر ملک پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا کے عوام کی حمایت اسے مزید طاقت دے گی، اور یہی اتحاد وہ طاقت ہے جس سے اسرائیل خوفزدہ ہے۔














