پلان کی تبدیلی کسی وقت بھی ممکن ہے، پی ڈی ایم بری پھنسے گی، عمران خان کی پیش گوئی

جمعرات 1 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے پیش گوئی کی ہے کہ فوج کا پلان کسی بھی وقت تبدیل ہوسکتا ہے اور جب ایسا ہوگا تو پی ڈی ایم بری طرح پھنس جائےگی۔

جمعرات کو اپنے ویڈیو خطاب میں عمران خان نے پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو خبردار کیا کہ وہ فوج کو 27  برس سے جانتے ہیں اور اس کا کچھ پتا نہیں ہوتا کہ یہ اپنا پلان اے کب پلان بی میں تبدیل کردے تو لہٰذا دونوں پارٹیاں موجودہ صورتحال پر زیادہ خوش نہ ہوں یہ جلد ہی تبدیل ہوسکتی ہے۔

انہوں نے پی ڈی ایم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب یہ پلان تبدیل ہوگا تو آپ لوگ پھنس جائیں گے اس لیے ہوشیار ہوجائیں۔

عمران خان نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات اور کور کمانڈر ہاؤس پر حملے جیسے واقعات کی سب مذمت کرتے ہیں لیکن اس کی انکوائری کے بغیر پی ٹی آئی پر کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا اور اس کے 25 لوگ ماردیے گئے اور 10 ہزار گرفتار کر لیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ’اب صورتحال یہ ہے کہ ہمیں پتا ہی نہیں چل رہا کہ ہمارے کتنے کارکنان جیلوں میں ہیں اور کتنے مار دیے گئے ہیں کیوں کہ ہمارے سارے لوگ یا تو پکڑے جاچکے ہیں یا پھر روپوش ہیں اس وجہ سے اعدادوشمار کا پتا ہی نہیں چل رہا‘۔

سابق وزیراعظم نے اپنے دور حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی ایک مثال دے دی جائے کہ ہم نے کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی کی ہو یا کسی کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات بنائے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک رانا ثناء اللہ کا تعلق ہے تو انہیں تو اینٹی نارکوٹکس فورس نے پکڑا تھا جس میں ایک میجر جنرل بیٹھا تھا جب کہ کابینہ نے بھی بعد میں مقدمے کی صحت جانچنے کے لیے اس کا اچھی طرح جائزہ لیا کہ مبادا غلط کیس نہ درج ہوگیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ ’میرے بارے میں سب جھوٹ کہا جا رہا ہے کہ میرے دور میں بھی ایسی ہی گرفتاریاں ہوتی تھیں حالاں کہ جس طرح خود مجھ پر 150 کیسز ہیں ایسا میرے دور میں کب ہوتا تھا‘۔

پرویز خٹک اور اسد قیصر بات چیت کے لیے گئے اورپھنس گئے

عمران خان نے کہا کہ پرویز خٹک اور اسد قیصر مذاکراتی ٹیم کا حصہ تھے لیکن جب وہ بات چیت کرنے گئے تو انہیں سیف ہاؤس میں بٹھا لیا گیا اور ان سے کہا جا رہا ہے کہ جب پارٹی چھوڑوگے تو ازاد کریں گے لیکن میری بات لکھ لیں کہ جو بھی پی ٹی آئی چھوڑے گا لوگ اسے ووٹ نہیں دیں گے اور چھوڑنے والوں کو بھی یہ سب پتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی بھانجی کے خاودند کو اٹھا لیا گیا جن کے والد ن لیگ میں ہیں ’اب کیا ان حرکتوں سے میں پیچھے ہٹ جاؤں گا‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp