وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، طلب و رسد اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال بھی زیر غور آئی۔
یہ بھی پڑھیں:تیل کی عالمی قیمتوں کے اثرات سے مکمل طور پر الگ رہنا ممکن نہیں، احسن اقبال
وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، طلب اور رسد سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ صورتحال اور عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے اثرات پر بھی گفتگو ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:ایران جنگ کے اثرات، امریکا میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا تھا جس کے بعد عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا اور قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا گیا۔
حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 55، 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نمایاں طور پر بڑھ گئی ہیں۔














