جونیئر ایشیا ہاکی کپ: بھارت نے پاکستان کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا

جمعہ 2 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت نے مردوں کے جونیئر ایشیا ہاکی کپ کے فائنل میں 1 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر ٹائٹل ایک بار پھر اپنے نام کر لیا۔ بھارت چوتھی بار جونیئر ایشیا ہاکی کپ جیتنے میں کامیاب ہوا۔

جمعرات کو اومان کے شہر سلالہ میں کھیلے گئے جونیئر مینز ایشیا ہاکی کپ 2023 کے فائنل میچ میں بھارت کی طرف سے انگد بیر سنگھ اور اریجیت سنگھ گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔

سلالہ اسپورٹس کمپلیکس میں تماشائیوں کی بڑی تعداد کی موجودگی میں مد مقابل دونوں ٹیمیں شروع سے ہی خطرناک نظر آئیں لیکن کھیل کے 13ویں منٹ میں انگد بیر سنگھ نے بھارت کی طرف سے پہلا گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

مردوں کے جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں بھارت کے آٹھ گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر اریجیت سنگھ ہندل نے دوسرے ہاف کے شروع ہونے کے پانچ منٹ میں بھارت کی طرف سے دوسرا گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی بنا دیا۔

جونیئر ہاکی ایشیا کپ: بھارتی کھلاڑی پاکستانی کھلاڑی سے گیند چھیننے کی کوشش کر رہا ہے

پاکستان کی ٹیم نے بھی مخالف بھارتی ٹیم کے گول پر خطرناک حملے کیے لیکن بھارتی گول کیپر کی طرف سے زبردست مذاحمت کا سامنا رہا۔ بھارتی گول کیپر نے پاکستان کے گول کرنے کی متعدد کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ بھارتی گول کیپر ایچ ایس موہت کی شاندار گول کیپنگ کی بدولت بھارت دوسرے ہاف میں اپنی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔

پاکستان کی قومی جونیئر ٹیم کی طرف سے 38 ویں منٹ میں بشارت علی کی ایک خوبصورت پاس پر عبدالشاہد گول کرنے میں کامیاب ہوئے اس طرح مقابلہ 2-1 ہو گیا۔ اس کے بعد پاکستان نے انتہائی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے بھارتی گول پر کئی حملے کیے۔ پاکستان کو متعدد پنالٹی کارنر بھی ملے لیکن پاکستانی کھلاڑی بھارتی گول کیپر ایچ ایس موہت کے ہوتے ہوئے دوسرا گول کرنے میں ناکام رہے اس طرح بھارت اپنی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔

واضح رہے کہ مردوں کے جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں یہ بھارت کا چوتھا ٹائٹل تھا، اس سے قبل اس نے اسے 2004، 2008 اور 2015 میں یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جب کہ پاکستان تین ٹائٹلز جیتنے کے بعد اس جونیئر ایشیا کپ کی دوسری کامیاب ترین ٹیم ہے لیکن اسے آخری جیت 27 سال قبل 1996 میں ملی تھی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور بھارت پول میچ میں 1-1 گول سے برابر رہے تھے ۔ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں نا قابل شکست رہی ہیں۔ تاہم بھارت ایشیا ہاکی کپ کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہا۔سیمی فائنل میں بھارت نے جمہوریہ کوریا کو 9-1 سے جبکہ پاکستان نے ملائیشیا کو 6-2 سے شکست دی تھی ۔ عمان میں مردوں کا جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ آٹھ سال بعد منعقد ہوا۔ 2021 کرونا وائرس کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp