وی ایکسکلوسیو: کوئی نگران سیٹ اپ کل صبح ختم کرنا چاہے تو کر لے، وزیر کھیل وہاب ریاض

جمعہ 2 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبہ پنجاب کے نگران صوبائی وزیر کھیل وہاب ریاض نے کہا ہے کہ اگر کوئی نگران سیٹ اپ کل صبح ختم کرنا چاہے تو کر لے۔ نگران سیٹ نے90 دن کی خلاف ورزی کی ہے تو جو ایکشن ہونا ہے وہ ہوجائے، میرا اس میں کوئی قصور نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت میں ورلڈکپ کھیلنے جائے گا۔

وی نیوز سے خصوصی انٹرویو میں پنجاب کے نگران وزیر کھیل وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے 90 دن میں عام انتخابات نہ کروا کے آئین کی خلاف ورزی کی ہے تو یہ اسٹیک ہولڈرز سے پوچھنا چاہیے، مجھے ان چیزوں کا پتہ نہیں ہے۔ ہم کابینہ کے اجلاس میں اس طرح کی باتیں زیر بحث نہیں لاتے۔

اگر کوئی یہ سیٹ اپ کل صبح ختم کرنا چاہے تو کر لے، مجھے اس کی پرواہ نہیں ہے۔ میں حکومت کا ملازم ہوں،  جب حکومت کہے گی تو  میں گھر چلا جاؤں گا۔ ہم کابینہ کے لوگ کیوں وزیر اعلی سے 90 دن کی بات کریں، ہمیں جب کہا جائے گا، ہم نگران سیٹ اپ سے باہر آجائیں گے۔ اگر نگران سیٹ اپ طویل ہوگیا ہے تو اس میں میرا کوئی قصور نہیں ہے۔

پاکستان ورلڈکپ کھیلنے بھارت جائے گا

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ بطور کھلاڑی ہمیں بھارت میں ورلڈکپ کھیلنے جانا چاہیے، اور انڈیا کو بھی پاکستان آنا چاہیے مگر میری رائے یہ ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان وہاں کھیلنے جائے گا۔ آپ نے میری رائے پوچھی ہے، وہ میں نے بتا دی ہے، باقی فیصلہ حکومتوں نے کرنا ہے ۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے میچز کھیلنے کے حوالے سے جو وینو رکھا ہے، اس کے بارے میں انہی سے پوچھیں۔

عمران خان بطور کھلاڑی پسند ہیں

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ بطور کھلاڑی عمران خان کو پسند کرتا ہوں۔ عمران خان آج بھی عمران خان ہے۔ عمران خان سیاست میں اچھے ہیں یا برے، یہ فیصلہ لوگ کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگے یا نہ لگے، میں اس بحث میں نہیں پڑنا چاہتا۔ میں کھیل کے حوالے سے کام کررہا ہوں اور سپورٹس میں بہتری لارہا ہوں، ہم نے 3ماہ میں پچھلی حکومت سے زیادہ کام کیا ہے۔

میں سیاست میں نہیں آؤں گا

صوبہ پنجاب کے وزیر کھیل سے جب پوچھا گیا کہ نگران سیٹ اپ ختم ہوگا تو آپ سیاست میں آئیں گے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، مجھے سیاست اچھی نہیں لگتی۔ ہم نگران سیٹ اپ کے لیے کچھ عرصہ کے لیے آئے ہیں، اپنا وقت پورا کر کے چلے جائیں گے۔ میں نے بطور وزیر کھیل پی ایس ایل کھیلی ہے جو میچز آئیں گے، میں ان میں حصہ لوں گا۔

افتخار احمد کے 6چھکے لگانے سے مایوسی نہیں ہوئی

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ میں نے چھکے اس وقت کھائے، جب مجھے وزیر کھیل نامزد کیا گیا تھا، میرے پاس چارج نہیں تھا۔ افتخار احمد نے 6 چھکے لگائے، وہ نمائشی میچ تھا، اسے اتنا زیادہ سیریس نہیں لینا چاہیے، کھیل میں یہ سب چلتا رہتا ہے۔

مجھ پر سب سے زیادہ تنقید ہوتی ہے

نگران صوبائی وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ لوگ تنقید کرتے رہتے ہیں، جب ہم میچ میں بری پرفارمنس دیتے ہیں۔ میرے ساتھ یہ بہت بار ہوا کہ مجھ پر تنقید ہوئی، لوگوں کو اپنے بارے میں دیکھنا چاہیے کہ ان کی زندگی میں کیا achievements ہیں، کسی پر تنقید کرنا آسان ہے ،کبھی پرفارمنس اچھی ہوتی ہے کبھی نہیں، یہ چلتا رہتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp