ایران جنگ کے اثرات: بلوچستان میں ایرانی پیٹرول کی قیمت بھی 300 روپے لیٹر تک جا پہنچی

منگل 10 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے اثرات اب عالمی معیشت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں مہنگائی کے مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

حکومت پاکستان نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 55، 55 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی موقف کے مطابق یہ فیصلہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ایران جنگ کے اثرات، امریکا میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ

قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں فی لیٹر پیٹرول کی نئی قیمت 321.17 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 335.86 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اس اضافے کے بعد عوام پر معاشی دباؤ مزید بڑھ گیا ہے، کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ہوتا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان میں غیر قانونی طور پر اسمگل ہو کر آنے والے ایرانی پیٹرول کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پاکستانی پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد ایرانی پیٹرول بھی مہنگا ہو گیا ہے۔ ایک ہفتہ قبل جو ایرانی پیٹرول تقریباً 230 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا، وہ اچانک بڑھ کر 300 روپے فی لیٹر تک جا پہنچا ہے۔

کوئٹہ کے شہری حمزہ جاہ نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عالمی حالات کے تناظر میں کسی حد تک قابلِ فہم ہے، لیکن غیر قانونی طور پر اسمگل ہونے والے ایرانی پیٹرول کی قیمت میں اچانک اتنا بڑا اضافہ سمجھ سے باہر ہے۔ ان کے مطابق بعض تاجر پہلے سے خریدا گیا سستا پیٹرول اب بلیک میں فروخت کر رہے ہیں اور عوام سے منہ مانگی قیمت وصول کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود لوگ 30 سے 35 روپے کی بچت کے لیے بڑی تعداد میں ایرانی پیٹرول خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: ایران کے ایٹمی خطرے کے خاتمے کے بعد  تیل  کی قیمتیں تیزی سے نیچے آجائیں گی، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

دوسری جانب ایرانی پیٹرول کے کاروبار سے وابستہ احمد خان کا کہنا ہے کہ ایرانی پیٹرول کی قیمت میں اچانک اضافے کی بڑی وجہ اس کی ترسیل اور لاگت میں اضافہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران میں کشیدہ صورتحال کے بعد سرحدی علاقوں سے غیر قانونی طور پر آنے والے پیٹرول کی مقدار بھی کم ہو گئی ہے، جس کے باعث بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اس کی سپلائی محدود ہو گئی ہے۔

احمد خان کے مطابق اگر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی یا جنگ کا سلسلہ طویل ہوتا ہے تو نہ صرف ایرانی پیٹرول کی قیمت ساڑھے 300 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر سکتی ہے بلکہ پاکستانی پیٹرول کی قیمت بھی ممکنہ طور پر 400 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کسی بھی قسم کی جنگ یا کشیدگی کا سب سے فوری اثر عالمی تیل کی منڈیوں پر پڑتا ہے۔ ایران دنیا کے بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک میں شامل ہے اور وہاں عدم استحکام عالمی سپلائی چین کو متاثر کر سکتا ہے۔ پاکستان جیسے ممالک، جو بڑی حد تک درآمدی تیل پر انحصار کرتے ہیں، ایسے حالات میں براہ راست متاثر ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: جنگِ ایران کے باعث خام تیل کی قیمتیں 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئیں

بلوچستان میں ایرانی پیٹرول کی غیر قانونی اسمگلنگ کئی سالوں سے جاری ہے اور مقامی سطح پر یہ نسبتاً سستا متبادل سمجھا جاتا ہے۔ تاہم موجودہ صورتحال نے اس غیر رسمی مارکیٹ کو بھی متاثر کیا ہے۔ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو نہ صرف پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں بلکہ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں مزید معاشی دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

شدید مندی کے بعد اسٹاک مارکیٹ سنبھل گئی، انڈیکس میں 9000 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

والد کو پھانسی دینے سے بچی یتیم ہوجائے گی، بیوی اور بیٹی کے قاتل کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

پیٹرولیم اسٹاک کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ، اسلام آباد میں ڈیجیٹل نظام متعارف

پاکستان میں تیز انٹرنیٹ کی راہ ہموار، 5جی اسپیکٹرم کی نیلامی آج

’میں رشتہ بچانے کے لیے خاموش رہی‘، رجب بٹ کے طلاق نوٹس پر ایمان فاطمہ بول اٹھیں

ویڈیو

لاہور میں ملک کی پہلی سمارٹ روڈ روٹ 47 کی خصوصیات کیا ہیں؟

اسلام میں ذہنی سکون حاصل کرنے کے طریقے

تیل کی قیمتوں میں اضافہ، حالات کنٹرول سے باہر ہونے کا خدشہ، امریکا و اسرائیل کو بھاری نقصان، ٹرمپ کی چیخیں

کالم / تجزیہ

ایران کی موزیک دفاعی پالیسی کیا ہے، اس نے کیا کرشمہ کر دکھایا؟

بوئے خوں آتی ہے امریکا کے افسانے سے

انڈین کرکٹ ٹیم مسلسل ناقابل شکست کیسے بنی؟