عید الفطر 2026 پاکستانی سینما کے لیے ایک بڑا معرکہ ثابت ہونے والی ہے، جہاں کئی بڑی فلمیں باکس آفس پر ٹکرانے کے لیے تیار ہیں۔ اس سال عید پر ایکشن، کامیڈی اور ڈرامہ سے بھرپور فلموں کی لائن اپ موجود ہے جس نے شائقینِ فلم میں کافی جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فلمیں ’دیمک‘ اور ’نایاب‘ ایس سی او فلم فیسٹیول 2025 میں نمایاں
عید الفطر 2026 پر ریلیز ہونے والی اہم فلموں میں ’آگ لگے بستی میں‘، ’بُلّہ‘، ’دہلی گیٹ‘ اور ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ شامل ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ اس بار مقابلہ شان شاہد اور فہد مصطفیٰ کے درمیان سخت ہوگا۔ جہاں نوجوان طبقہ ’آگ لگے بستی میں‘ کی طرف مائل نظر آتا ہے، وہیں سنگل اسکرین سینما اور پنجابی فلموں کے شوقین ’بُلّہ‘ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

آگ لگے بستی میں
یہ اس عید کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلم قرار دی جا رہی ہے۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان شامل ہیں۔ طویل عرصے بعد یہ جوڑی اسکرین پر واپس آ رہی ہے۔ دیگر کاسٹ میں جاوید شیخ اور مشہور کامیڈین تابش ہاشمی شامل ہیں۔ اس فلم کی خاص بات تابش ہاشمی کا بطور ولن کردار نبھانا ہے۔ یہ ایک کرائم ڈرامہ اور ہائیسٹ (Heist) کامیڈی ہے جس میں ایک مڈل کلاس جوڑے کو پیسوں سے بھرا بکس ملتا ہے اور پھر شروع ہوتا ہے گینگسٹرز اور پولیس کے ساتھ تعاقب کا ایک دلچسپ سلسلہ۔

بُلّہ
شان شاہد کے مداحوں کے لیے یہ فلم ایک بڑا تحفہ ہے۔ یہ ایک خالص پنجابی ایکشن فلم ہے۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں شان شاہد، مونا لیزا (سارہ لورین) اور سلیم شیخ شامل ہیں۔ اس فلم کے ذریعے شان شاہد اور سلیم شیخ تقریباً 30 سال بعد ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے۔ یہ فلم ناانصافی کے خلاف اٹھنے والے ایک ایسے ہیرو کی کہانی ہے جو پنجاب کی ثقافت اور روحانیت سے جڑا ہوا ہے۔

دہلی گیٹ
لاہور کی رنگینیوں اور ایکشن سے بھرپور یہ فلم بھی عید کے مقابلے میں شامل ہے۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں جاوید شیخ، شفقت چیمہ، روما مائیکل اور یاسر خان شامل ہیں۔ فلم کی کہانی لاہور کے تاریخی ’دہلی گیٹ‘ اور والڈ سٹی کے گرد گھومتی ہے جس میں رومانوی داستان کے ساتھ ساتھ بھرپور ایکشن بھی شامل ہے۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کی سب سے کامیاب فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ایک بار پھر عید کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ اس کے علاوہ اسے ٹی وی پر پہلی بار دکھانے کی تیاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔














