ایلون مسک کی پالیسیوں سے اختلاف، ٹوئٹر کی اہم عہدیدار ایلا اررون مستعفی

جمعہ 2 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایلا اررون نے ٹوئٹر کے ہیڈ آف سیفٹی اینڈ ٹرسٹ کے عہدے سے استعفٰی دے دیا، ایلا اررون نے گزشتہ سال ٹوئٹر کے ہیڈ آف سیفٹی اینڈ ٹرسٹ کا عہدہ سنبھالا تھا، ایلا اررون نے ٹوئٹر کی پالیسی پر تحفظات کے باعث استعفٰی دیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایلا اررون نے گزشتہ سال سابق ہیڈ آف سیفٹی اینڈ ٹرسٹ یول روتھ کے استعفے کے بعد ٹرسٹ اورسیفٹی ٹیم کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ ان کا کام ٹوئٹر پر اپ لوڈ ہونے والے سارے مواد کی نگرانی کرنا تھا۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر پرخودکار ای میل سسٹم سے ایک صارف کو غلط مواد بھیجا گیا جس پر ہیڈ آف سیفٹی نے ایلون مسک کو آگاہ کیا لیکن ایلون مسک نے اس بات کا کوئی جواب نہیں دیا۔

ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ اررون کو ٹوئٹر پر موجود تشہیری برانڈز کے نامناسب اشتہارات پر بھی اعتراض تھا۔

دوسری جانب ایلون مسک نے اس ماہ کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ ٹوئٹر کے نئے سی ای او کے لیے این بی سی یونیورسل ایڈورٹائزنگ چیف لنڈا یاکارینو کی خدمات حاصل کی ہیں۔

رائٹرز کے مطابق جب سے ایلون مسک نے ٹوئٹرخریدا ہے اس کے بعد سے کمپنی نے اخراجات میں ڈرامائی طور پر کمی کی ہے اور ہزاروں ایسے ملازمین کو فارغ کیا ہے، جنہوں نے نقصان دہ اور غیر قانونی مواد کو روکنے، انتخابی سالمیت کے تحفظ اور سائٹ پر درست معلومات فراہم کرنے کی کوششوں پر کام کیا تھا۔

مسک نے کمیونٹی نوٹس کے نام سے ایک فیچر متعارف کرایا، جس سے گمراہ کن مواد پوسٹ کرنے والوں کو کمیونٹی نوٹس کے ذریعے آگاہ کر کے گمراہ کن مواد سے کافی حد تک بچا جا سکتا ہے۔

کمپنی کو قابل اعتراض اورغلط معلومات شیئر ہونے پرریگولیٹرز کی جانب سے اسکروٹنی کا سامنا بھی ہے۔ ٹوئٹرغلط معلومات سے نمٹنے کے لیے یورپی یونین کے ساتھ رضاکارانہ معاہدے سے بھی دستبردار ہو گیا ہے جبکہ ٹوئٹر نے نئے منظور ہونے والے یورپی یونین کے سوشل میڈیا سے متعلق قانون کی پاسداری کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یورپی یونین انڈسٹری چیف تھیری بریٹن نے گزشتہ ہفتے ٹوئٹر کو خبردار کیا تھا کہ وہ رضاکارانہ معاہدے سے نکلنے کے بعد یورپی یونین میں قانونی ذمہ داریوں سے گریز نہیں کر سکے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp