پرویز الہی کس کیس میں گرفتار ہوئے، دیگر کیسز کون کونسے ہیں؟

جمعہ 2 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کی گرفتاری کے لیے پچھلے 10روز سے پولیس ظہور الہی روڈ( گلبرگ) بند کر کے چھاپے مار رہی تھی لیکن  پھراچانک سے پرویز الہی اپنے ہی گھر سے گاڑی میں نکلتے ہوئے پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔

اینٹی کرپشن میں ویسے تو پرویز الہی کے خلاف 3کیسز چل رہے ہیں مگر جس  کیس میں انہیں گرفتار کیا گیا وہ چوہدری پرویز الہی کو گجرات میں سڑک کا ٹھیکہ دینے میں مبینہ کرپشن کے الزام پر مبنی ہے۔ اس کیس میں کہا گیا ہے کہ ٹھیکہ دینے میں مبینہ طور پر ایک ارب روپے سے زائد کی خرد برد کی گئی جس سے ملکی خزانے کو نقصان ہوا۔

اس کیس میں اس وقت کے وزیر اعلی کی جانب سے بوگس ادائیگیاں کی گئیں اور من پسند لوگوں کو ٹھیکے دلائے گئے اور جو میٹریل سٹرک کے لیے استعمال کیا گیا وہ بھی ناقص تھا۔

اس مقدمے میں پرویز الہی کے بیٹے مونس الہی بھی نامزد ہیں اور ان کے ساتھ ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کے لوگ بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پرویز الہی کی ضمانت چند روز قبل اینٹی کرپشن عدالت نے منسوخ کر دی تھی ۔

ایل ڈبلیو ایم سی اور گجرات ڈویژن میں ترقیاتی کاموں کے مقدمات

اینٹی کرپشن میں چوہدری پرویز الہی کے خلاف ایل ڈبلیو ایم سی اور گجرات ڈویژن میں کیے گئے ترقیاتی کاموں میں خربرد کے الگ سے مقدمات درج ہیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے ذریعے اربوں روپے کی ادائیگیاں کی گئیں جن میں مونس الہی نے فرنٹ مین کے طور پر کروڑوں روپے کی خرد برد کی، جبکہ تیسرا مقدمہ گجرات ڈویژن کے اندر مختلف سڑکوں کی تعمیر اور وزیر آباد اسپتال کا بھی ہے۔ ان مقدمات میں بھی سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی اور مونس الہی پر کرپشن کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

پرویز الہی پر مقدمات سنگین نوعیت کے ہیں

ڈان نیوز کے سینئر صحافی علی وقار کے مطابق چوہدری پرویز الہی کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن میں چلنے والے مقدمات سنگین نوعیت کے ہیں۔ اینٹی کرپشن کی خصوصی عدالت میں جب پرویز الہی کو پیش کیا جائے گا تو محکمہ اینٹی کرپشن کے وکیل کی جانب سے 7روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی تاکہ جن کاموں میں بطور وزیر اعلی ان پر کرپشن کا الزام ہے، ان کی تحقیقات کی جائیں۔

علی وقار کے مطابق اس وقت پرویز الہی کے خلاف مجموعی طور 3 مقدمات محکمہ اینٹی کرپشن نے درج کر رکھے ہیں جبکہ ان کے خلاف انکوائریاں بے شمار چل رہی ہیں۔ واضح رہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن بعض انکوائریاں  اپنے ذرائع سے ملنے والی رپورٹس کی بنیاد پر شروع کرتی ہے جبکہ بعض عوامی شکایت پر درج کی جاتی ہیں جن میں خرد برد کا الزام لگایا جاتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ متعدد بار پرویز الہی کو محکمہ اینٹی کرپشن کی طرف سے ان الزامات کے حوالے سے بلایا گیا مگر وہ پیش نہیں ہوئے جس کے باعث 25مئی کو عدالت نے ناقابل ضمانت ورانٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

پرویز الہی کو اینٹی کرپشن عدالت میں پیش کر دیا گیا

جمعہ کی صبح چوہدری پرویز الہی کو بکتر بند گاڑی میں اینٹی کرپشن کی عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔ عدالت آنے سے قبل پرویز الہی کا طبی معائنہ کروایا گیا۔
سروسز ہسپتال کے سینیئر ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم نے چوہدری پرویز الٰہی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ طبی معائنے کے بعد ڈاکٹرز نے چوہدری پرویز الٰہی کو مکمل صحت یاب قرار دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp