انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے ساتھ مبینہ غیر مساوی سلوک کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد ایک ہفتے سے زائد عرصہ بھارت میں پھنس کر رہ گئی تھیں۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث کئی ایئر لائنز نے پروازیں منسوخ یا متبادل راستوں پر منتقل کر دی ہیں، جس سے بین الاقوامی سفر شدید متاثر ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 3 وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیےکوالیفائی کرلیا
کرکٹ ویسٹ انڈیز نے منگل کو بتایا کہ اس کی ٹیم ایک چارٹر پرواز کے لیے 9 دن تک انتظار کرتی رہی جو بار بار تاخیر کا شکار ہوتی رہی۔
ادارے کے مطابق اس غیر یقینی صورتحال نے کھلاڑیوں اور عملے کو شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کردیا ہے۔
انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے بھی اس صورتحال پر تنقید کی۔
"All teams in this situation should be treated the same"
Michael Vaughan accuses the ICC of favouring bigger boards such as England over West Indies and South Africa https://t.co/ajQe1F3KmZ
— Firstpost Sports (@FirstpostSports) March 7, 2026
انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ انگلینڈ کی ٹیم گزشتہ ہفتے سیمی فائنل سے باہر ہونے کے صرف 36 گھنٹوں بعد روانہ ہو گئی تھی۔
جبکہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے ایک ہفتے بعد بھی کولکتہ میں موجود تھیں۔
آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس تاثر کو مسترد کرتا ہے کہ فیصلے کسی امتیاز کی بنیاد پر کیے گئے۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: افغانستان کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست، کئی ریکارڈز بھی بن گئے
بیان میں کہا گیا کہ تمام فیصلے صرف حفاظت، عملی امکانات اور کھلاڑیوں و عملے کی فلاح کو مدنظر رکھ کر کیے گئے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق اسے اس بات کا اندازہ ہے کہ وہ کھلاڑی، کوچز، معاون عملہ اور ان کے اہل خانہ جو ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنی مہم مکمل کر چکے ہیں، جلد گھر واپس جانا چاہتے تھے۔
ادارے نے کہا کہ ان کی تاخیر یقینی طور پر مایوسی کا باعث ہے اور آئی سی سی بھی اس مایوسی کو سمجھتا ہے۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان، پاکستانی کھلاڑی بھی شامل
کونسل نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے سفری انتظامات کا انگلینڈ سے موازنہ درست نہیں کیونکہ دونوں معاملات مختلف حالات، سفری راستوں اور پروازوں کی دستیابی سے متعلق تھے۔
آئی سی سی کے مطابق جنوبی افریقہ کے تمام اراکین آئندہ 36 گھنٹوں کے اندر روانہ ہو جائیں گے۔ جنوبی افریقہ کی ورلڈ کپ مہم 4 مارچ کو ختم ہوئی تھی۔
ادھر ویسٹ انڈیز کے 9 کھلاڑی اور عملے کے ارکان پہلے ہی کیریبین روانہ ہوچکے ہیں۔
جبکہ باقی 16 افراد کی پروازیں آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر بھارت سے روانگی کے لیے بک کر دی گئی ہیں۔ ویسٹ انڈیز ٹیم یکم مارچ کو ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھی۔












