وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان جمعہ کو کیے جانے کا امکان ہے، جس کے تحت نئی قیمتوں کا تعین اوسط عالمی نرخوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کے بحران میں کمی کے امکانات روشن، متبادل ذرائع سے تیل آنا شروع
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا پریس ریلیز بھی جاری ہو چکا ہے جس میں مشرق وسطیٰ کی جنگ کے پاکستانی معیشت پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر خطے میں جاری جنگ طویل ہوئی تو بیرونی ادائیگیوں پر دباؤ بڑھ سکتا ہے جبکہ ترسیلات زر بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ جمعہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا اور نئی قیمتیں اوسط نرخوں کو مدنظر رکھ کر مقرر کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر یہ کہنا ممکن نہیں کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوگا یا کمی۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے بعد پرانی موٹر سائیکلوں کو الیکٹرک بنانے کا رجحان بڑھ گیا
واضح رہے کہ خطے کی کشیدہ صورتحال اور عالمی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث حکومت گزشتہ ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر چکی ہے۔














