روسی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی ذاتی نوعیت کی کینسر ویکسین قومی ہیلتھ انشورنس کے تحت شہریوں کو مفت دستیاب ہوں گی۔
ریاستی لیبارٹریز اور تحقیقی اداروں نے تیار کردہ یہ ویکسین گزشتہ سال ہیلتھ منسٹری کی منظوری حاصل کر چکی ہے۔ ان میں کولوریکٹل ٹومرز کے لیے ‘آنکوپٹ’ اور ایڈوانسڈ میلانوما کے لیے mRNA ٹیکنالوجی پر مبنی ‘نیو آنکو ویک’ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کینسر ویکسین کی تحقیق کے لیے اے آئی سپر کمپیوٹر نے کام شروع کردیا
ڈرافٹ فرمان کے مطابق CAR-T تھراپی جیسی جدید علاج کی سہولیات بھی قومی ہیلتھ انشورنس میں شامل کی جا سکتی ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں تقریبا 400 مریضوں نے کولوریکٹل کینسر ویکسین کے لیے درخواست دی ہے۔
گمالیا سینٹر کے ڈائریکٹر کے مطابق جانوروں پر کیے گئے ٹیسٹ میں کئی کیسز میں ٹیومرز غائب ہوئے اور میٹاسٹیسیز میں تقریبا 90 فیصد کیسز میں مثبت ردعمل دیکھا گیا۔ مریضوں پر ابتدائی استعمال اس سال شروع ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: طب کی دنیا میں روس کی انقلابی کامیابی: کینسر کے لیے مؤثر ویکسین تیار کرلی
روسی حکام کا کہنا ہے کہ بایوٹیکنالوجی شہریوں کی زندگیوں کو طویل اور زیادہ پیداواری بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی، اور علاج، درست تشخیص، موثر ادویات، آرام دہ ایمپلینٹس اور پروسٹھیٹکس کے معیار کو بہتر کرے گی۔














