وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس مارچ اور اپریل کے لیے تیل کے ذخائر موجود ہیں جو توانائی کے استحکام کو یقینی بناتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزارت خزانہ نے پاکستان کی معیشت کے حوالے سے مثبت اشارے دیے ہیں۔
وزارت کے مطابق فروری میں ملکی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں اضافہ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں تیزی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 427 ملین ڈالر
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فروری تک پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 427 ملین ڈالر تک پہنچ گیا جو ملکی معیشت کے استحکام کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
غیر ملکی سرمایہ کاری اور ترسیلات زر میں اضافہ
بیان کے مطابق فروری میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 24 فیصد اضافہ دیکھا گیا جبکہ اسی ماہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ دونوں عوامل ملکی معاشی استحکام میں مددگار ہیں۔
آئی ٹی برآمدات میں اضافہ
وزارت خزانہ نے بتایا کہ فروری میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں یہ تقریباً 3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ یہ اضافہ ملک کی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کا بھی ثبوت ہے۔
فارن ایکسچینج ذخائر کی بلند سطح
بیان میں مزید کہا گیا کہ ملک کے فارن ایکسچینج کے ذخائر چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے جو ملکی کرنسی اور مالیاتی استحکام کے لیے خوش آئند ہے۔
صنعت اور توانائی کی صورتحال
بڑی صنعتوں کی ترقی جنوری میں 12 فیصد اور فروری میں 11 فیصد ریکارڈ کی گئی۔














