آپ کے چلنے کا انداز آپکے کون سے راز افشا کرتا ہے؟ نئی تحقیق کا دلچسپ انکشاف

بدھ 18 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کا چلنے کا انداز آپ کے دل کی کیفیت کو ظاہر کر سکتا ہے؟ جدید سائنسی تحقیق نے یہ حیران کن انکشاف کیا ہے کہ انسان کی چال اس کے جذبات کی عکاسی کرتی ہے، وہ بھی بغیر کچھ کہے۔

چال میں چھپے جذبات کے اشارے

جاپان کے شہر کیوٹو میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق، لوگوں کے چلنے کے انداز میں بازوؤں اور ٹانگوں کی حرکت ان کی اندرونی کیفیت کا اہم اشارہ دیتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص تیز اور بڑے جھول کے ساتھ چل رہا ہو تو یہ غصے یا جارحیت کی علامت ہو سکتی ہے، جبکہ ہلکی اور محدود حرکات خوف یا اداسی کی نشاندہی کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے پاکستان کے حسن کو دریافت اور اجاگر کرنے کے عزم کیساتھ میاں بیوی کا پیدل سفر

ماہرین کے مطابق اب صرف چہرے کے تاثرات ہی نہیں، بلکہ انسان کے قدم بھی اس کے جذبات کی مکمل کہانی بیان کرتے ہیں۔

تحقیق کی سربراہ کا مؤقف

تحقیق کی سربراہ مینا واکابایاشی کے مطابق’ چلنا انسان کی سب سے عام جسمانی حرکت ہے، اس لیے ہمارے جذبات قدرتی طور پر ہمارے قدموں میں جھلک جاتے ہیں۔‘

تحقیق کیسے کی گئی؟

اس تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے اداکاروں کو مختلف جذبات جیسے خوشی، غصہ، خوف اور اداسی کو ذہن میں رکھتے ہوئے چلنے کو کہا۔ خصوصی مارکرز اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ان کی چال کو ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چہرے کے تاثرات کو چھپا دیا گیا تاکہ صرف جسمانی حرکات کا جائزہ لیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے 50 سال سے متروک ٹریکنگ روٹ کے احیا کے لیے چترال سے گلگت کا پیدل سفر

مزید دلچسپ بات یہ سامنے آئی کہ جب ویڈیوز میں بازوؤں اور ٹانگوں کے جھول کو بڑھایا یا کم کیا گیا تو جذبات کو پہچاننا مزید آسان ہو گیا۔ اس سے ثابت ہوا کہ جسم کی یہ حرکات انسانی احساسات کی اہم ترجمان ہیں۔

مستقبل میں ممکنہ استعمال

ماہرین کے مطابق یہ تحقیق مستقبل میں کئی اہم شعبوں میں کارآمد ثابت ہو سکتی ہے، جن میں کیمروں کے ذریعے مشکوک یا خطرے میں موجود افراد کی شناخت، ذہنی حالت کو مانیٹر کرنے والے وئیرایبل ڈیوائسز اور ایسے مصنوعی ذہانت (AI) سسٹمز جو انسانی جذبات کو سمجھ کر ردعمل دے سکیں، شامل ہیں۔

مصنوعی ذہانت بھی چال سے جذبات پہچاننے لگی

ٹیکساس یونیورسٹی کے محققین نے بھی حال ہی میں ایک مشین لرننگ سسٹم تیار کیا ہے جو انسان کی چال سے اس کے جذبات کا اندازہ لگا سکتا ہے، اگرچہ فی الحال اس کی درستگی محدود ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلی بار جب آپ کہیں چل رہے ہوں تو یاد رکھیں، آپ کے قدم خاموش نہیں ہوتے بلکہ وہ آپ کے جذبات کی زبان بول رہے ہوتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp