اسلام آباد میں چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر سخت سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کے تحت شہر بھر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق عید کے موقع پر 7000 سے زائد افسران و اہلکار اور رضاکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے، جبکہ 3000 اہلکار مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر ہونے والے عید اجتماعات کی سیکیورٹی سنبھالیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی کارروائی،کروڑوں روپے مالیت کی چوری شدہ گاڑیاں برآمد
نمازعید میں شرکت کے لیے آنے والے شہریوں کو باڈی سرچنگ کے بعد مخصوص راستوں سے داخلے کی اجازت دی جائے گی اور عبادت گاہوں کے قریب پارکنگ پر مکمل پابندی ہوگی۔
شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 500 سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی پکٹس قائم کردی گئی ہیں۔ عوامی مقامات، پارکس اور قبرستانوں کی حفاظت کے لیے 2000 سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔
پولیس کے مطابق تفریحی مقامات پر خصوصی دستوں کے ساتھ پیدل، سائیکل اور گھڑ سوار گشت بھی کیا جائے گا، جبکہ فیملی پارکس میں صرف خاندانوں کو داخلے کی اجازت ہوگی، چاند رات اور عید کے دنوں میں خواتین کی سیکیورٹی کے لیے لیڈیز پولیس کے خصوصی دستے بھی تعینات رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن، 1700 سے زائد بائیکرز کیخلاف کارروائی
مزید بتایا گیا ہے کہ تھانوں کی موبائلز، ڈولفن اسکواڈ اور تمام پٹرولنگ یونٹس شہر بھر میں خصوصی گشت کریں گے۔
ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ عیدالفطر کے موقع پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔














