LDA انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم کے حوالے سے انٹرنیشنل ہاکی پلیئر اظفر یعقوب کا کہنا ہے کہ یہاں پر نہ تو کوئی انتظامیہ ہے اور نہ ہی کوئی مینجمنٹ ہے، پچھلے 8 ماہ سے گراؤنڈ کا بل ادا نہ ہونے کی وجہ سے بجلی کا میٹر بھی کٹ چکا ہے۔
اظفر کے مطابق کھلاڑیوں کو 100 ڈالر انٹرنیشنل میچ کھیلنے کی فیس ملتی تھی تاہم جیسے ہی ڈالر کا ریٹ بڑھا تو اب پاکستانی کھلاڑی کو دس ہزار روپے فی میچ فیس دی جاتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ہمیں کچھ نہیں دیا جاتا، جان بوجھ کر اسپورٹس کو تباہ کیا جارہا ہے۔ قومی کھیل کو حکومت نے اس طرح نظر اندازہ کیا ہے کہ اب ہم ہاکی میں 16ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
اظفر یعقوب کے مطابق بھارت دنیا میں ہاکی کے دوسرے یا تیسرے نمبر پر ہے مگر یہاں پاکستان میں ہاکی تنزیلی کا شکار ہو رہی ہے۔ 2012ء میں LDA گراؤنڈ 14 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا تھا لیکن حکومتی بے توجہی کی وجہ سے یہ اب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ اسٹیڈیم کی کرسیاں ٹوٹ چکی ہیں جب جن کمروں میں انٹرنیشنل پلیئرز ٹھہرتے تھے وہ بھی خستہ حالی کا شکار ہیں۔
اظفر کہتے ہیں کہ ایسے میں ہم اپنی مدد آپ کے تحت گراؤنڈ کی ٹرف کو پانی لگاتے ہیں، وہ بھی تھوڑے سے حصے کو، تاکہ بچوں کو کھلایا جا سکے۔ مزید تفصیلات ویڈیو رپورٹ میں ملاحظہ کریں۔