ڈیموکریٹک رکن کانگریس میکسین واٹرز نے کہا ہے کہ پاکستان کو قرضے کی فراہمی کے لیے آئی ایم ایف کو خط لکھوں گی۔
میکسین واٹرز نے امریکا میں پاکستانی امریکن ڈیموکریٹ طاہر جاوید سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کی اندرونی سیاست میں ملوث ہونے کے بجائے مستحکم جمہوریت کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
عمران خان اور امریکی رکن کانگرس میکسین واٹرز کے درمیان ہونے والی مبینہ گفتگو ؟
گزشتہ دنوں پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان اور امریکی رکن کانگرس میکسین واٹرز کے درمیان ہونے والی زوم کال پر مبینہ گفتگو منظر عام پر آئی تھی جو سوشل میڈیا پر بھی خاصی زیر بحث رہی۔
گفتگو کے دوران عمران خان، میکسین واٹرز سے پاکستان تحریک انصاف کے حق میں آواز بُلند کرنے کی گزارش کرتے ہوئے سُنے جا سکتے ہیں۔ عمران خان کہہ رہے تھے کہ ’شاید یہ ہماری تاریخ کے نازک ترین لمحات ہیں، اس ملک میں اس وقت بہت ہی مضحکہ خیز صورتِ حال چل رہی ہے، میرے اوپر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں میری ٹانگ پر 3 گولیاں لگی ہیں۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’میری حکومت سابق آرمی چیف نے ختم کی تھی کیونکہ ملٹری اسٹبلشمنٹ یہاں بہت طاقتور ہے۔‘ عمران خان یہ بھی کہتے ہوئے سنائی دیے کہ امریکی رکن کانگرس کی جانب سے ان کے حق میں بیان بہت ’مددگار‘ ثابت ہوگا۔
یاد رہے کہ عمران خان یا پی ٹی آئی کی جانب سے اس مبینہ گفتگو پر کوئی مؤقف یا تردید جاری نہیں کی گئی تھی۔