پی ٹی آئی نے اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع کر دی؟

جمعرات 26 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رمضان المبارک اور عید کے طویل وقفے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک بار پھر اپنی سیاسی سرگرمیاں شروع کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی قیادت، رشتے دار اور سوشل میڈیا کے جہادی عمران خان کی رہائی نہیں چاہتے، خواجہ آصف

پی ٹی آئی کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر ملک گیر اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کے لیے مہم کا آغاز کیا۔ عید سے قبل انہوں نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع کے ساتھ ساتھ لاہور اور سندھ کا بھی دورہ کر کے کارکنوں کو فعال کرنے کی کوشش کی اور عید کے فوراً بعد اسی سلسلے میں بلوچستان کا دورہ کیا گیا۔

’بلوچستان کے بعد آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے‘

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات اکرام کھٹانہ نے بتایا کہ سہیل آفریدی نے رمضان اور عید کی تعطیلات کے بعد دوبارہ اسٹریٹ مہم کی تیاری شروع کر دی ہے اور اسی سلسلے میں انہوں نے بلوچستان کا دورہ بھی کیا۔

اکرام کھٹانہ کے مطابق سہیل آفریدی نے عمران خان کی ہدایت پر اسٹریٹ مہم کا آغاز کیا اور اب تک چاروں صوبوں کا دورہ کر چکے ہیں جبکہ اس کے بعد وہ آزاد کشمیر بھی جائیں گے۔

’سہیل آفریدی ملک بھر میں کارکنوں کو تیار کررہے ہیں‘

پاکستان تحریک انصاف کے ایک سینیئر رہنما نے بتایا کہ سہیل آفریدی اس وقت پارٹی کی قیادت کر رہے ہیں اور ملک گیر اسٹریٹ مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد کارکنان کو متحرک کرنا ہے تاکہ کسی بھی وقت رہائی کی صورت میں احتجاجی کال پر وہ فوراً تیار ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی مزاحمتی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور احتجاج اور دھرنے کی تیاری کے حق میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’سہیل آفریدی نے اپنے ایم پی ایز کو واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ تیاری کریں، کارکنوں کے ساتھ رابطہ رکھیں اور احتجاج کی کال پر زیادہ سے زیادہ کارکنوں کو شامل کریں‘۔

انہوں نے بتایا کہ سہیل آفریدی خود صوبے کے مختلف اضلاع کا دورہ کرچکے ہیں اور بلوچستان کا دورہ بھی اسی ٹاسک کا حصہ ہے کہ ملک بھر میں کارکنوں کو فعال کیا جائے۔

مزید پڑھیے: ‘منظم عوامی جدوجہد ناگریز ہوچکی ہے،’ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا عمران خان رہائی فورس بنانے کا اعلان

انہوں نے دعویٰ کیا کہ علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کے بعد سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ بنانے پر کارکنان خوش ہیں اور سہیل آفریدی ناراض کارکنوں کو منانے اور فعال کرنے کے لیے بھی سرگرم ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد اختلافات بھی بڑھ گئے ہیں اور مرکزی رہنما اور علی امین کے ہم خیال لوگ سہیل آفریدی سے خوش نہیں ہیں لیکن اندرونی اختلافات کے باوجود وزیراعلیٰ سرگرم ہیں۔

کیا عمران خان رہائی فورس کی تشکیل میں تاخیر اندرونی اختلافات کا نتیجہ ہے؟

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کچھ عرصہ قبل باقاعدہ عمران خان رہائی فورس بنانے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ رمضان کے بعد حلف برداری ہوگی تاہم اب تک اس پر عمل نہیں ہوا۔

پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات سے باخبر ذرائع کے مطابق عمران خان رہائی فورس کے حوالے سے پارٹی میں اختلافات ہیں اور مرکزی قیادت اس کی مخالفت کر رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر اور سہیل آفریدی کے ہم خیال رہنما اس کے حق میں ہیں۔

کیا سہیل آفریدی بڑے احتجاج کی تیاری کررہے ہیں؟

پی ٹی آئی نے ابھی تک عمران خان کی رہائی کے لیے کسی قسم کی احتجاجی تیاری کی تصدیق نہیں کی ہے۔ پارٹی قیادت کا مؤقف ہے کہ عمران خان نے احتجاج کا اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دے دیا ہے، اور جب بھی کال دی جائے گی، کارکنان سڑکوں پر نکلیں گے۔

مزید پڑھیں: عمران خان رہائی فورس ہر صورت بنے گی، صحت سے متعلق فیصلے فیملی کرے گی، شفیع جان

تاہم پارٹی کے کچھ باخبر رہنما بتاتے ہیں کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے باقاعدہ احتجاج اور مزاحمتی تحریک کی تیاری شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کچھ دن قبل اہم ملاقاتیں بھی کر چکے ہیں لیکن ابھی تک کوئی ٹھوس نتائج سامنے نہیں آئے۔

ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی مزاحمت اور احتجاج کے ذریعے وفاق اور مقتدر حلقوں پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں اور اسٹریٹ موومنٹ اسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

اکرام کھٹانہ کے مطابق پارٹی کارکنان اس وقت تیار ہیں اور اگر احتجاج کی کال دی گئی تو پورا پاکستان سڑکوں پر نکلے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے احتجاج یا دھرنے کا اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کو دیا ہے اور وہ جب بھی کال دیں گے کارکنان بھرپور انداز میں شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اسٹریٹ موومنٹ کو دوبارہ شروع کر دیا ہے اور جلد ہی عمران خان رہائی فورس کی باقاعدہ تشکیل کا اعلان ہوگا۔ اکرام کھٹانہ کے مطابق اس بار اگر احتجاج کی کال دی گئی تو کوئی بھی اسے نہیں روک سکے گا۔

’سہیل آفریدی خود اندرونی سازش کا شکار ہیں‘

اگرچہ پی ٹی آئی پارٹی اندرونی اختلافات کی تردید کرتی ہے لیکن تجزیہ کاروں اور باخبر پارٹی رہنماؤں کے مطابق اس وقت پارٹی شدید اندرونی اختلافات کا شکار ہے۔

یہ بھی پڑھیے: محسن نقوی عمران خان کی رہائی چاہتے تھے، بانی کا سنگجانی پر رکنے کا حکم نہ مان کر ہم تباہ ہوگئے، علی امین گنڈاپور

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی اختلافات ہیں۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور خیبرپختونخوا کی صوبائی قیادت مزاحمتی سیاست اور احتجاجی تحریک کے حق میں ہیں جبکہ بیرسٹر گوہر اور کچھ دیگر مرکزی رہنما مذاکرات اور قانونی راستے کو ترجیح دیتے ہیں۔

باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف پارٹی کے اندر سازش بھی کی جا رہی ہے۔

’پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی پر کم توجہ دے رہی ہے‘

سیاسی صورتحال پر گہری نظر رکھنے والے پشاور کے نوجوان صحافی کاشان اعوان کے مطابق اس وقت پی ٹی آئی قیادت اختلافات کی وجہ سے عمران خان کی رہائی پر کم توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی امین اور سہیل آفریدی میں شدید اختلافات ہیں جبکہ بیرسٹر گوہر بھی سہیل آفریدی سے متفق نہیں ہیں۔

کاشان اعوان نے بتایا کہ اس وقت پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما سائیڈ لائن ہیں اور نوجوان قیادت فرنٹ پر ہے جبکہ پارٹی میں اہم فیصلہ سازی کا اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دیکھا جائے تو عمران خان کو اپنی پارٹی قیادت پر بھی مکمل بھروسہ نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: ہمارا مطالبہ عمران خان کی رہائی ہے علاج نہیں، علیمہ خان

انہوں نے مزید کہا کہ اختلافات کے باعث عمران خان کی رہائی کے لیے کوئی واضح حکمت عملی نہیں بن پا رہی جس کی وجہ سے عمران خان کی بہنوں اور پارٹی قیادت کے درمیان بھی کشیدگی ہے۔

سینیئر صحافی عارف حیات کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی کے خلاف اندرونی سازش ہو رہی ہے اور انہیں اس کا اندازہ ہے۔

سہیل آفریدی تو تیار ہیں لیکن احتجاج کی کال کون دے گا؟

سہیل آفریدی کی جانب سے ممکنہ احتجاج کی تیاری کے بارے میں سوال پر ذرائع کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی خود تیار ہیں لیکن یہ واضح نہیں کہ کال کون دے گا۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کی بات مرکزی قیادت ماننے کو تیار نہیں اور جب تک اندرونی اختلافات ختم نہیں ہوں گے تب تک احتجاج یا دھرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیے: شیر افضل مروت عمران خان کی رہائی کے لیے میدان میں آگئے، بڑا اعلان کردیا

ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی اپنی حد تک کوشش اور تیاری کر رہے ہیں لیکن کال کب اور کون دے گا اس کا کسی کو بھی علم نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ایران نے پاکستانی پرچم بردار مزید 20 جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی، اسحاق ڈار کا انکشاف

مشرق و سطیٰ کشیدگی: آج اسلام آباد میں پاکستانی، سعودی، ترکیہ اور مصری وزرائے خارجہ کی اہم بیٹھک ہوگی

لاہور جنرل اسپتال میں کامیاب طبی کارروائی، 3 ماہ کے بچے کے معدے سے لوہے کا واشر نکال لیا گیا

خطے کی صورتحال پر چہار فریقی اجلاس،  مصری وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے

’پاک سعودی دفاعی معاہدہ محض مالی یا وقتی تعلق نہیں بلکہ فعال حکمت عملی کا حصہ ہے‘

ویڈیو

عمران خان کی آنکھ نہیں بلکہ پاکستان کے بارے میں ان کی سوچ اور نظر ہی خراب ہے، رکن خیبر پختونخوا اسمبلی سونیا شاہ

اسرائیل میں نیتن یاہو پر دباؤ، جے شنکر کی وجہ سے مودی حکومت پھر متنازع صورتحال میں مبتلا

گلگت بلتستان، جہاں پاک فوج کے منصوبے ترقی کی نئی داستان لکھ رہے ہیں

کالم / تجزیہ

مانیں نہ مانیں، پاکستان نے کرشمہ تو دکھایا ہے

ٹرمپ کے پراپرٹی ڈیلر

کیا تحریک انصاف مکتی باہنی کے راستے پر چل رہی ہے؟