وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں 28 مارچ کو ’ارتھ آور‘ منانے کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ توانائی کے تحفظ اور ماحول کے بچاؤ کے لیے اس عالمی مہم میں بھرپور شرکت کریں۔
وزیراعلیٰ کے اعلان کے مطابق پنجاب بھر میں 28 مارچ کو رات 8:30 سے 9:30 بجے تک روشنیاں بند رکھی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد توانائی کے مؤثر استعمال اور ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ نئی نسل کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ عوام توانائی بچانے کی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ نوجوان بھی عالمی سطح پر جاری اس کمپین کا حصہ بنیں۔
یہ بھی پڑھیے ارتھ آور : زمین کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، شہباز شریف
ارتھ آور مہم کو مؤثر بنانے کے لیے سیکرٹری ماحولیات کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ مریم اورنگزیب اس مہم کی صوبہ بھر میں نگرانی کریں گی
عالمی تنظیم کی کاوشیں
وزیراعلیٰ نے ورلڈ وائیڈ فنڈ فار نیچر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کو ترجیح دینے کے لیے اس تنظیم کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
ارتھ آور مہم کا مقصد کیا ہے؟
ارتھ آور مہم کا بنیادی مقصد توانائی کے محتاط استعمال، ماحولیاتی تحفظ اور عوامی شعور کو فروغ دینا ہے تاکہ مستقبل میں ایک بہتر اور صاف ماحول یقینی بنایا جا سکے۔














