پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متنازع سوشل میڈیا پوسٹ کے معاملے پر قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق نسیم شاہ کو سینٹرل کنٹریکٹ، میڈیا پالیسی اور ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر ڈسپلنری فریم ورک کے تحت نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:انہیں ملکہ کی طرح کیوں پروٹوکول دیا جارہا ہے؟ مریم نواز سے متعلق ٹوئٹ پر نسیم شاہ نے کیا ردعمل دیا؟
بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کو مقررہ مدت کے اندر اپنا تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے بعد موصول ہونے والے مؤقف کا جائزہ لے کر آئندہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
پی سی بی نے واضح کیا کہ پیشہ ورانہ معیار، معاہدوں کی پابندی اور کھیل کی ساکھ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور تمام کھلاڑیوں سے ضابطوں کی مکمل پاسداری کی توقع کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’نسیم شاہ کے 2 چھکے سب سے تکلیف دہ لمحہ تھا، افغان کرکٹر رحمان اللہ گرباز کا بھارتی میڈیا کو انٹرویو
یاد رہے کہ گزشتہ روز نسیم شاہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی گئی ایک پوسٹ میں قذافی اسٹیڈیم آمد کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کی گئی تھی۔
بعد ازاں کھلاڑی نے مذکورہ پوسٹ حذف کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا جسے بعد میں بحال کر لیا گیا۔














