پرویز الٰہی جعلی بھرتیوں کے کیس میں گرفتار، اینٹی کرپشن نے سیکریٹری پنجاب اسمبلی کو بھی پکڑ لیا

ہفتہ 3 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گوجرانوالہ کی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب و صدر پاکستان تحریک انصاف پرویز الٰہی کو کرپشن کے دونوں مقدمات میں بری کر دیا ہے تاہم اینٹی کرپشن نے کرپشن کے تیسرے کیس میں ان کو گرفتار کر لیا ہے۔ جبکہ سیکریٹری اسمبلی رائے ممتاز حسین کی بھی اسی کیس میں گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

سینیئر سول جج محمد افضل نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو سنایا گیا۔ فیصلے کے مطابق پرویز الٰہی کو عدم ثبوتوں کی بنا پر بری کرنے کا حکم دیا گیا۔

دوسری جانب ترجمان اینٹی کرپشن پنجاب نے پرویز الٰہی کی تیسرے کیس میں گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ کے خلاف تیسرا مقدمہ لاہور میں درج ہے اور ان پر پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کا الزام ہے۔

ترجمان کے مطابق پنجاب اسمبلی میں فیل شدہ اُمیدواروں کو ریکارڈ میں ردوبدل کر کے بھرتی کیا گیا۔ بھرتی کے عمل میں گھپلوں کے لیے جعلی ٹیسٹنگ سروسز کی خدمات لی گئیں۔

جعلی بھرتیاں ثابت ہو چکی ہیں، ترجمان اینٹی کرپشن پنجاب

ترجمان اینٹی کرپشن پنجاب نے بتایا کہ انکوائری میں پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیاں ثابت ہوئیں اور کرپشن کے واضح ثبوت موجود ہیں۔

اِدھر اینٹی کرپشن حکام نے سیکریٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پرویز الٰہی کے ساتھ مل کر جعلی بھرتیاں کی ہیں۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق اینٹی کرپشن انکوائری میں یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیاں کی گئی ہیں۔

ہر طرح کی سختی کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹا ہوا ہوں: پرویز الٰہی

قبل ازیں عدالت پیشی کے موقع پر مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ مجھے جیل کے سب سے گندے کمرے میں رکھا گیا، بیمار ہوں ادویات تک نہیں دی گئیں یہاں تک کے باتھ روم بھی نہیں جانے دیا گیا، لیکن پھر بھی ظلم کے خلاف ڈٹا رہوں گا۔

پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی نے ضلع کچہری گوجرانوالہ میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چھٹہ کی زیر نگرانی میرے اوپر ظلم کیا جا رہا ہے، ہر طرح کی سختی کر رہے ہیں لیکن میں پھر بھی اپنے موقف کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔

چوہدری پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی کارکنان کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے ڈٹ کر کھڑے رہنا ہے، پیچھے نہیں ہٹنا ہے۔ حکومت ہر قسم کے ہتھکنڈے اپنا لے اور مجھے کچھ بھی ہو جائے ہم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے میرے ترجمان کو بھی گرفتار کرلیا ہے، ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ براہ راست میرے خلاف اقدامات کی ہدایات دے رہے ہیں، انکی ہدایت پر ہی مجھے رات بھر سونے نہیں دیا جا رہا۔

’میرے میڈیا ترجمان اقبال چوہدری کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ میرے پرنسپل سیکرٹری پر بھی جو ظلم ہوا اس میں ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ ہی ملوث ہے، سہیل ظفر چٹھہ تمام اہلکاروں کو براہراست ہدایات دے رہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ حکومت جو مرضی ظلم کرلے اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، کارکنوں سے بھی یہی کہوں گا کہ ظلم کے آگے ڈٹ جائیں اور اپنے موقف سے پیچھے نہ ہٹیں۔

پرویز الٰہی اعلیٰ عدلیہ سے سرخرو ہو کر رہیں گے، مونس الٰہی

دریں اثنا پرویز الٰہی کے فرزند مونس الٰہی نے پرویز الٰہی کی بریت کے بعد تیسرے مقدمے گرفتاری پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ پرویز الٰہی اعلیٰ عدلیہ سے سرخرو ہو کر رہیں گے۔ صرف انتقامی ایجنڈے کے تحت مقدمات درج ہو رہے ہیں۔

مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ پہلے کرپشن کرپشن کی رٹ لگائی ہوئی تھی۔ لاہور کے ایک کیس اور گوجرانوالہ کے دونوں کیسوں میں پرویز الٰہی بری ہوئے تو اب پنجاب اسمبلی کی بھرتیوں کے بھونڈے کیس میں گرفتار کر لیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp