وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے زمین کے تحفظ کو اجتماعی اور کلیدی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر فرد اور ہر کمیونٹی کو ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ارتھ آور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے قوم سے اپیل کی کہ اس دن کی مناسبت سے رات 8:30 بجے سے 9:30 بجے تک ایک گھنٹے کے لیے بجلی اور غیر ضروری روشنی بند رکھیں یا کم سے کم استعمال کریں۔
مزید پڑھیں: صدر مملکت آصف زرداری کی ارتھ آور کے موقع پر ایک گھنٹہ روشنیاں بند کرنے کی اپیل
وزیراعظم نے کہاکہ ماحولیاتی چیلنجز سے بھرپور اس دور میں ارتھ آور یاد دہانی کراتا ہے کہ زمین کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ اور کلیدی ذمہ داری ہے۔ رواں سال ارتھ آور ’زمین کے لیے ایک گھنٹہ وقف کریں‘ کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، توانائی کے مؤثر استعمال اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ارتھ آور محض ایک علامتی اظہار نہیں بلکہ عالمی سطح پر ایک لمحۂ فکر ہےجو پائیدار اور مضبوط ماحولیاتی مستقبل کے لیے تجدید عزم کا موقع فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ارتھ آور کا پیغام دعوت عمل ہے اور یہ صرف لائٹس بند کرنے تک محدود نہیں بلکہ ہر فرد اور ہر کمیونٹی کو ماحولیاتی ذمہ داری اور تخفظ پر مبنی طرز عمل اختیار کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ ایسے شعوری اقدامات کا مجموعی اثر ایک بڑی مثبت معاشرتی تبدیلی کا باعث بنتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی بگاڑ کو سدھارنے کے لیے آج ہمارے کیے گئے فیصلے آنے والی نسلوں کے مستقبل کا تعین کریں گے، ماحولیاتی مستقبل میں پاکستان کو فکر انگیز صورتحال درپیش ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگرچہ پاکستان کا عالمی سطح پر گلوبل وارمنگ کا باعث بننے والی نقصان دہ گیسز کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن ہمارا ملک اس موسمیاتی بحران کے اولین متاثرین میں شامل ہے۔
انہوں نے کہاکہ شدید سیلاب، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث موسمیاتی شدت اور تباہ کن خشک سالی جیسی آفات ہماری روزمرہ زندگی، خوراک اور پانی کی فراہمی، اور انکے ذخائر کے بنیادی ڈھانچے کے لیے خطرہ ہیں۔ حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے موسمیاتی مزاحمت پر مبنی ترقیاتی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ پانی کے نظام اور زرعی شعبہ کی اصلاحات، توانائی کے ماحول دوست متبادل ذرائع میں سرمایہ کاری، گرین ٹیکنالوجی کے فروغ، شہری نظام کی بہتری اور ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے موثر موسمیاتی اقدامات کو شامل کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: سبز اور محفوظ پاکستان کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس میں ارتھ آور منایا جائے گا
انہوں نے کہاکہ ماحول کی بحالی اور ایک پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لئے حکومت کے عملی اقدامات میں ’اپ اسکیلنگ گرین پاکستان پروگرام‘، ’لیونگ انڈس انیشی ایٹو‘ اور ’ریچارج پاکستان‘ اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جدید وارننگ سسٹمز کی تنصیب جیسے منصوبے شامل ہیں۔
انہوں نے دعوت دی کہ آئیں ہم سب مل کر عالمی مہم میں بھرپور شرکت کریں۔ آج کے ماحول دوست پیغام کو ایک مستقل طرز عمل میں بدل دیں اور اپنے لیے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک سرسبز، محفوظ اور مضبوط و توانا پاکستان کی بنیاد رکھیں۔














