حکومت کا آذر بائیجان سے سستی ایل این جی خریدنے کا فیصلہ

ہفتہ 3 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت پاکستان نے مہنگی ترین لیکوڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کی درآمد سے چھٹکارا پانے کے لیے آذربائیجان کے ساتھ معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آذربائیجان کی سرکاری کمپنی سے ہر ماہ 1 ایل این جی کارگو پاکستان لایا جائے گا، وی نیوز نے مجوزہ معاہدے کی نقل حاصل کر لی۔

پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) اورآذر بائیجان کی سرکاری کمپنی ’سوکار‘ کے درمیان طے پانے والے ممکنہ معاہدے  کے مطابق وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ عالمی مارکیٹ سے مہنگی ترین لیکوڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کی درآمد سے چھٹکارے پانے کے لیے آذربائیجان سے سستی ایل این جی خریدے گا۔

مجوزہ معاہدے کے مطابق آذربائیجان کی سرکاری کمپنی ’سوکار‘ سے ہر ماہ 1ایل این جی کارگوخریدنے کے لیے معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت قانون کی توثیق کے بعد وزیراعظم پاکستان نے سمری اکنامک کو آرڈی نیشن کمیٹی (ای سی سی) میں پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وی نیوز کو موصول ہونےوالی مجوزہ معاہدے کی نقل کے مطابق آذربائیجان کی ’سوکار‘ کمپنی سے حکومتی سطح پر ہرماہ 1 لیکوڈ نیچرل گیس (ایل این جی ) کا کارگو خرید کر پاکستان لایا جائے گا۔ اس کے لیے پیٹرولیم ڈویژن کے تحت پاکستان ایل این جی لمیٹڈ(پی ایل ایل) اورآذربائیجان کی سرکاری کمپنی ’سوکار‘ کے مابین لیکوڈ نیچرل گیس (ایل این جی) خریدنے کے لیے باقاعدہ معاہدے پر دستخط ہوں گے۔

ECC Summary Approval of Framework Agreement by Iqbal Anjum on Scribd

ممکنہ معاہدے کے بعد آذربائیجان کی ’سوکار‘ کمپنی سے عالمی مارکیٹ میں موجودہ نرخوں کے مقابلے میں سستے نرخوں پرنیچرل لیکوڈ گیس(ایل این جی) خریدی جائے گی۔ ’سوکار‘ کمپنی ہرماہ پاکستان ایل این جی (پی ایل ایل) کو لیکوڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کارگو کی دستیابی اورریٹ سے متعلق آگاہ کرے گی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی ) 5جون کو ’سوکار‘ اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ ( پی ایل ایل)  کے درمیان باقاعدہ مجوزہ معاہدے کی منظوری دے گی جبکہ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) عالمی مارکیٹ اور پاور سیکٹر کا جائزہ لینے کے بعد ’ایل این جی‘ کارگوخریدنے کا فیصلہ کرے گی۔

آذر بائیجان کی’سوکار‘ کمپنی عالمی مارکیٹ میں موجودہ نرخوں کےمقابلے میں پاکستان کو ہرصورت کم قیمت پر کارگوفروخت کرے گی۔ ’پی ایل ایل‘ ادائیگی کے لیے مقامی بینک میں ایل سی کھولے گی جبکہ عالمی بینک کے کنفرمیشن چارجز ’سوکار‘ کمپنی ادا کرے گی۔

ادھر وزارت قانون نے ’سوکار‘ کمپنی  کے ساتھ معاہدہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ جب کہ پاکستان پہلے سے ہی لانگ ٹرم معاہدوں کے تحت قطر سے ماہانہ 8 کارگو جب کہ ’ای این آئی‘ کمپنی سے 1 کارگوماہانہ ایل این جی خرید رہا ہے۔

یاد رہے گذشتہ سال فروری تا ستمبر کے دوران پاکستان ایل این جی لمیٹڈ( پی ایل ایل )موجودہ اور مڈ ٹرم معاہدے کے تحت ’ایل این جی‘ کارگو خریدنے میں ناکام رہی تھی۔ عالمی مارکیٹ میں بلند قیمتوں اورپاکستان کی ریٹنگ ڈاؤن گریڈ ہونے کے باعث سپلائرز نے ’ایل این جی‘ کارگو پاکستان کو فروخت نہیں کیے تھے جب کہ سابق وفاقی وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے آذربائیجان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp