وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیٹے قاسم خان کی حالیہ تقریر کو موجودہ جعلی حکومت نے غلط رنگ دے کر عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریکِ انصاف کی پاکستان مخالف تقریریں اور جی ایس پی پلس معاملے پر قاسم خان اور سلیمان کی مہم
اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ جعلی حکومت اپنی معاشی ناکامیوں کا ملبہ قاسم خان پر ڈال کر اپنی نااہلی چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف نے قاسم خان کی تقریر کو اردو میں ترجمہ کیا ہے تاکہ قوم تک حقیقت پہنچ سکے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ یورپی ممالک تجارتی تعلقات کے لیے جمہوریت، انسانی حقوق، ماحولیاتی تحفظ اور شفاف حکمرانی کو لازمی قرار دیتے ہیں، جبکہ موجودہ حکومت ان تمام اصولوں کی خلاف ورزی کر کے الزام پی ٹی آئی پر ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنیوا میں عمران خان کے بیٹے قاسم خان کی متنازع تقریرپرقانون سازوں کی تنقید
سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان جی ایس پی پلس کے لیے کوالیفائی کرے، اور جعلی حکمران بغض عمران خان میں اندھے ہو چکے ہیں، پاکستانی قوم ان کا چہرہ مزید دیکھنا نہیں چاہتی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان ملک بھر میں احتجاج کے لیے تیار ہیں۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کے بعد اب بشرا بی بی کے ساتھ بھی مسائل سامنے آ رہے ہیں۔














