بھارتی ایئر لائنز کی پرواز کے دوران مسافر کی ایمرجنسی دروازہ کھولنے کی کوشش، ’بھوت کے قبضے‘ کا دعویٰ

اتوار 29 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں ایک اندرونِ ملک پرواز کے دوران اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک مسافر نے لینڈنگ سے چند لمحے قبل طیارے کا ایمرجنسی دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں مسافر نے دعویٰ کیا کہ وہ بھوت کے قبضے میں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ایئر لائن میں تھپڑ کھانے والا مسافر لاپتا ہونے کے بعد کہاں سے بازیاب ہوا؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈیگو کی پرواز بنگلورو سے وارانسی جا رہی تھی اور طیارے نے رات تقریباً 8:15 بجے روانگی اختیار کی۔ حکام کے مطابق اتر پردیش کے ضلع ماؤ سے تعلق رکھنے والے مسافر محمد عدنان نے پرواز کے آغاز کے تقریباً 15 منٹ بعد ایمرجنسی دروازے کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی، جسے کیبن کریو نے فوری طور پر روک دیا اور مسافر کو وارننگ دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق مسافر نے بعد میں معمول کے مطابق سفر جاری رکھا، تاہم رات تقریباً 10:20 بجے جب طیارہ وارانسی کے لال بہادر شاستری انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے قریب تھا اور زمین سے تقریباً 500 فٹ کی بلندی پر تھا، اس نے دوبارہ ایمرجنسی دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ایئرلائنز کی پرواز میں بم کی اطلاع، عملے کی دوڑیں لگ گئیں

کیبن کریو کی اطلاع پر پائلٹ نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے لینڈنگ منسوخ کردی اور طیارے کو دوبارہ فضا میں بلند کیا گیا۔ بعد ازاں طیارہ محفوظ طریقے سے 10:35 بجے ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

واقعے کے باعث مسافروں میں شدید خوف پایا گیا تاہم انہوں نے محفوظ لینڈنگ پر عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

لینڈنگ کے فوراً بعد مسافر کو ایئرلائن سیکیورٹی اور سی آئی ایس ایف اہلکاروں کے حوالے کردیا گیا جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دوران پرواز بھارتی مسافر طیارے میں فنی خرابی، دلی میں ہنگامی لینڈنگ

حکام کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں مسافر نے کہا کہ اسے اپنے عمل کی وجہ معلوم نہیں، بعد میں اس نے دعویٰ کیا کہ وہ بھوت کے قبضے میں تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے اہلخانہ کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp