اسلام آباد میں ٹریفک کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو 15 نئی الیکٹرک گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں۔ یہ گاڑیاں معروف کمپنی BYD کی تیار کردہ ہیں، جو جدید ٹیکنالوجی اور ماحول دوست خصوصیات کی حامل ہیں۔
ٹریفک پولیس آفیسر کے مطابق ان نئی گاڑیوں کی مدد سے اہلکار کسی بھی مقام پر پیش آنے والے واقعے پر ایک سے ڈیڑھ منٹ کے اندر پہنچ سکتے ہیں، جس سے ایمرجنسی رسپانس میں نمایاں بہتری آئے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ گاڑیاں صرف 4 گھنٹوں میں مکمل چارج ہو جاتی ہیں اور ایک بار چارج ہونے پر ڈھائی سو کلومیٹر سے زائد سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ان الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے نہ صرف ایندھن کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی آئے گی بلکہ یہ ماحول دوست ہونے کے باعث ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا بھی سبب بنیں گی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کو اضافی اختیارات بھی دے دیے گئے ہیں۔ اب اہلکار کسی بھی مشکوک گاڑی کو روک کر اسے تھانے منتقل کر سکتے ہیں۔ ماضی میں حادثات یا دیگر ہنگامی صورتحال کے دوران متعلقہ تھانے کی پولیس کو طلب کرنا پڑتا تھا، تاہم اب ٹریفک پولیس خود بھی ایسے معاملات کو براہِ راست نمٹانے کی مجاز ہو گئی ہے۔
ٹریفک افیسر کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے شہر میں ٹریفک کے نظام میں مزید بہتری آئے گی اور شہریوں کو بہتر اور بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفاقی دارالحکومت میں جدید طرز کی ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔













