بھارتی بینک میں کروڑوں روپے کا گولڈ لون اسکینڈل، بینک کو 2 سال بعد پتا چلا

بدھ 1 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی شہر ناگپور میں واقع ICICI بینک کی 9 برانچوں میں 23 کروڑ روپے کے گولڈ لون فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ بینک کے اندرونی آڈٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ قرض کے لیے جمع کروایا گیا سونا جعلی تھا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی ریاست گجرات میں کریڈٹ کارڈ فراڈ سے دلبرداشتہ ہوکر 3 افراد کی خود کشی، ملزم گرفتار

یہ مبینہ فراڈ اس وقت سامنے آیا جب بینک نے اپنے ’گولڈ لون‘ پورٹ فولیو کا اندرونی آڈٹ کروایا۔ آڈٹ کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ بینک کی 9 مختلف برانچوں میں قرض کے عوض رکھے گئے زیورات درحقیقت سونے کے نہیں بلکہ جعلی تھے۔

دھنتولی پولیس نے ICICI بینک کے زونل آفس کے ملازم دھننجے رمیش ٹھیٹے کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر فراڈ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ مبینہ فراڈ جنوری 2023 سے اکتوبر 2025 کے درمیان انجام دیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق کل 195 کھاتہ داروں نے دھوکہ دہی سے یہ قرضے حاصل کیے۔

پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اس اسکینڈل میں بینک کے ملازمین یا افسران بھی ملوث تھے، کیونکہ سونے کی اصلیت کی تصدیق کرنے والے ویلیوورز کی منظوری یا ’گرین سگنل‘ کے بغیر اتنی بڑی رقم کے قرضے حاصل کرنا ناممکن ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp