بنوں: سیکیورٹی فورسزکی کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک، 2 فوجی جوان شہید

ہفتہ 3 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 2 دہشت گرد ہلاک جب کہ 2 فوجی جوان شہید ہو گئے ہیں

افواج پاکستان کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس رہلیز میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ کے روز صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی جس میں سابقہ 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جب کہ شدید فائرنگ کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے نائب صوبیدارغلام مرتضیٰ (عمر 40 سال، ساکن ضلع بہاولپور) اور حوالدار محمد انور (عمر 41 سال ساکن ڈسٹرکٹ سیالکوٹ) نے شہید ہو گئے ۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے کی سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں دہشتگردی کے خلاف آپریشنز : کیا کھویا کیا پایا

بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ہفتہ کے روز ہی صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے ’مہمند‘ میں ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

باجوڑ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) ستارخان نے بتایا ہے کہ دھماکا ایک پک اپ وین کے قریب ہوا، جس کے نتیجے میں اس وین کا ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جب کہ گاڑی میں سوار ایک ٹھیکیدار بری طرح زخمی ہوا جس نے بعد ازاں اسپتال میں جا کر دم توڑ دیا۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں جب سے دہشت گردوں نے دوبارہ سر اٹھایا ہے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی آ گئی ہے اور اب تک متعدد ملک دشمنوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔

افواج پاکستان نے ہمیشہ اس عزم کا اظہار کیا ہے دہشت گردوں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp