سعودی عرب نے مشکل اوقات میں کیسے پاکستان کی مدد کی؟

بدھ 1 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات ایک منفرد اور مثالی برادرانہ رشتے کی حیثیت رکھتے ہیں، جو قیامِ پاکستان 1947 سے لے کر آج تک ہر مشکل گھڑی میں مضبوط ہوتے گئے ہیں۔ سعودی عرب نے نہ صرف پاکستان کو آزادی کے فوراً بعد تسلیم کیا بلکہ ہر اہم موقع پر سیاسی، معاشی اور سفارتی حمایت فراہم کی۔

1965 اور 1971 کی جنگوں میں سعودی عرب نے عالمی سطح پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، جبکہ 1970 اور 1980 کی دہائی میں معاشی مشکلات کے دوران مالی امداد فراہم کر کے پاکستان کو سہارا دیا۔

1998 میں ایٹمی دھماکوں کے بعد جب پاکستان عالمی پابندیوں کا شکار ہوا تو سعودی عرب نے نہ صرف پاکستان کے فیصلے کی حمایت کی بلکہ مفت تیل فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا، جس سے معیشت کو بڑا سہارا ملا۔

سعودی عرب نے پولیو کے خاتمے کے لیے 500 ملین ڈالر فراہم کیے اور 2026 میں توانائی بحران کے دوران پاکستان کو تیل کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے میں مدد دی۔

قدرتی آفات کے دوران بھی سعودی عرب ہمیشہ پیش پیش رہا۔ 2005 کے زلزلے اور 2010 کے تباہ کن سیلاب میں کروڑوں ڈالر کی امداد دے کر متاثرین کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا گیا۔

2018 کے معاشی بحران میں سعودی عرب نے 6 ارب ڈالر کا امدادی پیکج دے کر پاکستان کے زرِمبادلہ ذخائر کو مستحکم کیا۔

پاکستان کو درپیش قدرتی آفات کے مشکل ترین ادوار میں سعودی عرب نے ہمیشہ ایک قابلِ اعتماد اور مخلص دوست کا کردار ادا کیا ہے۔

زلزلوں، سیلاب اور دیگر ہنگامی حالات میں سعودی حکومت اور عوام نے نہ صرف فوری امداد فراہم کی بلکہ بحالی کے عمل میں بھی بھرپور حصہ لیا۔

2005 میں آنے والے ہولناک زلزلے کے بعد سعودی عرب نے فوری طور پر مالی امداد فراہم کی، جس کے ساتھ خیمے، خوراک اور طبی سامان بھی پاکستان بھجوایا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں فیلڈ اسپتال قائم کیے گئے جہاں زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

اسی طرح 2010 اور 2011 کے تباہ کن سیلاب، جنہیں پاکستان کی تاریخ کے بدترین سیلاب قرار دیا جاتا ہے، کے دوران سعودی عرب نے بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں انجام دیں۔

کروڑوں ڈالر کی مالی مدد کے علاوہ ہزاروں ٹن خوراک، پینے کا صاف پانی، خیمے اور دیگر ضروری اشیا متاثرین تک پہنچائی گئیں۔ جبکہ موبائل میڈیکل یونٹس اور ہیلتھ کیمپس کے ذریعے دور دراز علاقوں میں بھی طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

2014 کے سیلاب کے دوران بھی سعودی عرب نے فوری امداد فراہم کرتے ہوئے متاثرین کی مشکلات کم کرنے میں کردار ادا کیا۔

حالیہ برسوں میں 2022 کے شدید سیلاب کے دوران سعودی عرب نے ایک بار پھر اپنی برادرانہ وابستگی کا عملی مظاہرہ کیا۔ مالی امداد کے ساتھ ساتھ ہزاروں ٹن امدادی سامان، جن میں خوراک، خیمے اور کمبل شامل تھے، پاکستان بھجوائے گئے۔ فضائی راستے کے ذریعے امدادی کارروائیوں کو تیز کیا گیا، جبکہ بحالی کے منصوبوں میں بھی تعاون جاری رکھا گیا۔

سعودی عرب کا فلاحی ادارہ کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مسلسل پاکستان میں سرگرم عمل ہے، جو خوراک کی فراہمی، طبی سہولیات، صاف پانی کے منصوبوں اور ہنگامی امدادی پروگراموں کے ذریعے لاکھوں افراد کی مدد کررہا ہے۔

سعودی عرب کی جانب سے فراہم کی جانے والی یہ مسلسل اور بروقت امداد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ گہرے برادرانہ اور انسانی ہمدردی پر مبنی ہیں، جو ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے کی مثال پیش کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

بنگلہ دیش بحریہ کا بڑا آپریشن، 4 روز سے بھٹکتے ماہی گیر ریسکیو کرلیے

لاہور: نواز شریف کینسر اسپتال مکمل کرلیا گیا، علاج کو نئی سمت فراہم

بنگلہ دیش: تیل بردار ٹرین پٹری سے اتر گئی، ریلوے نظام درہم برہم

کوئٹہ: پولیس حراست میں نوجوان کی مبینہ خودکشی، اہلِ خانہ کا قتل کا الزام

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 13 خوارج ہلاک

ویڈیو

کوئٹہ: گیس کا شدید بحران، ایل پی جی بھی مہنگی، عوام پریشان

پاکستان آج اگر ایٹمی طاقت ہے تو اس میں سعودی عرب کا اہم کردار ہے، سلیم مانڈوی والا

امریکا آئندہ 2 سے 3 ہفتوں میں ایران جنگ سے باہر آ سکتا ہے، صدر ٹرمپ کا بڑا اعلان

کالم / تجزیہ

ہز ماسٹرز وائس

ایران یا سعودی عرب: پاکستان کو مشکل فیصلہ کرنا پڑ سکتا ہے؟

ایران جنگ: اسٹریٹیجک حقائق اور عالمی طاقتوں کے دعوے