پیغام پاکستان بیانیہ، محراب و منبر کی اصلاح اور عدالتی انصاف شدت پسندی ختم کر سکتا ہے: علّامہ عارف الواحدی

جمعرات 2 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف عالم دین علّامہ عارف الواحدی کا کہنا ہے کہ پیغامِ پاکستان بیانیہ ایک مستند دستاویز ہے اور اس کی زیادہ سے زیادہ نشر و اشاعت، محراب و منبر کی اصلاح اور فوری عدالتی اِنصاف کے ذریعے ملک میں فرقہ واریت اور شدت پسندی کو ختم اور امن قائم کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’اپنا مسلک چھوڑو نہیں دوسرے کا چھیڑو نہیں‘، 18 ہزار علما، امام کعبہ اور شیخ الاظہر کا دستخط شدہ پیغام پاکستان

وی نیوز کے سلسلہ وار پروگرام اِسلام دینِ اَمن میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو پاکستان کے ساتھ محبّت کرنے والے اِسلام کے صحیح اور مثبت سوچ رکھنے والے علما ہیں وہ تکفیر اور شدّت پسندی کو ناپسند کرتے ہیں اور اِس کے خلاف کام بھی کر رہے ہیں۔

علّامہ عارف الواحدی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پیغام پاکستان بیانیہ ایک اہم دستاویز ہے اور  وزیراعظم کی قائم کردہ پیغام پاکستان امن کمیٹی کو ہر جگہ یہ بیانیہ لے کر جانا چاہیے تاکہ اِس کی زیادہ سے زیادہ نشر و اشاعت ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ایک اچھا تاثر اُبھرے گا اور مُلک میں امن قائم ہو گا، محبتیں قائم ہوں گی اور یہ نفرتیں اور شدت پسندی ختم ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پیغام امن کمیٹی کے اراکین کہیں جاتے ہیں تو ڈی سی اور ڈی پی او صاحبان کے پاس وہ دستاویز نہیں ہوتا جبکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اِس کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جائے۔

’مدارس کے نِصاب میں تبدیلی کی ضرورت ہے‘

علّامہ عارف الواحدی نے کہا کہ مدارس کے نصاب میں بھی تبدیلی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف مسالک کے مدارس اپنے طلبا کو اپنے فقہی مسائل کی تعلیم ضرور دیں لیکن اُس کے ساتھ یہ جو نفرت، شدت پسندی اور فرقہ واریت کی تعلیم نہیں ہونی چاہیئے۔

’مقدسات کی توہین سے احتراز کیا جائے‘

علامہ عارف الواحدی نے کہا کہ تمام مسالک کے مقدسات کی توہین پر قانون کو عمل میں آنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقدسات کی توہین پر آئینِ پاکستان میں معیّن سزا مل جائے تو معاشرے میں بے چینی اور اِضطراب نہیں ہو گا۔

خوارج کی نشانیاں کیا ہیں؟

خوارج کی نشانیوں کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں علّامہ عارف الواحدی نے کہا کہ بظاہر دینی حُلیہ، دینی لبادہ اوڑھے جو لوگ جو وقت کے امیر المومنین کے خلاف بغاوت کرتے ہیں اور جو لوگ اِسلامی ریاست کے خلاف خروج کرتے ہیں یہ واضح طور پر خوارج میں شامل ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: آپریشن غضب للحق: کرم سیکٹر میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف پاک فوج کی موثر کارروائیاں

انہوں نے کہا کہ خوارج کا فتنہ جنابِ امیر المومنین حضرتِ علی کرم اللہ وجہہ کے دور سے شروع ہوا اور پوری اُمت کا اِس نے نقصان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اِن خوارج کی بُنیاد فتنے اور نفسانی خواہشات پر ہے اور تمام مسلمانوں کو مُتحد ہو کر اِس فکر اور اِس سوچ کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔

’شہریوں کو نشانہ بنانے والے اللہ کے ساتھ جنگ کر رہے ہیں‘

علامہ عارف الواحدی نے کہا کہ جو لوگ اِس بات کی تمیز نہیں رکھتے کہ اُن کے سامنے عورتیں ہیں، بچے ہیں، بزرگ ہیں، مسجدوں اور امام بارگاہوں میں جا کر خود کش دھماکے کرتے ہیں، یہ لوگ اللہ کے ساتھ جنگ کر رہے ہیں۔

معاشرے کو اِس طرح سے نشانہ بنانے والوں کے عمل کا جواز نہ تو قرآن، نہ سنت رسول اور نہ ہی اہلِ بیت اطہار کے طرز عمل سے ملتا ہے۔

’پیغام پاکستان ایک جامع دستاویز ہے‘

علّامہ عارف الواحدی نے کہا کہ تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے ہزاروں علمائے کرام نے پیغام پاکستان دستاویز پر دستخط کیے ہیں حتٰی کہ شیخ الاظہر اور امامِ کعبہ کے دستخط بھی اُس پر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک جامع دستاویز ہے جس میں خود کُش حملوں کو حرام قرار دیا گیا ہے، اُس میں مُسَلّمہ اِسلامی مسالک کے خلاف تکفیر کے فتوے جاری کرنے کو ممنوع قرار دیا گیا ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ جہاد کا اعلان کرنا ریاست کا کام ہے نہ کہ انفرادی گروہوں کا۔

علّامہ عارف الواحدی کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان ایک جامع دستاویز ہے اور اُس کے بعد پیغام پاکستان ایک معتبر ترین دستاویز ہے جسے ہزاروں علما نے مل کر بنایا ہے اور جس پر تمام علما کا اِتّفاق ہے۔

اِسلام کے اُصول جنگ کیا ہیں؟

علامہ عارف الواحدی نے کہا کہ جناب رسول اللہﷺ جب جنگ کے لیے عساکر روانہ کرتے تھے تو اُنہیں ہدایت دی جاتی تھی کہ کسی درخت کو بھی نقصان نہ پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے جتنے مذاہب ہیں، جتنے قوانین ہیں اور خصوصاً اِسلام کے قوانین میں کہیں بھی اس طرح سے بچوں اور عورتوں کو قتل کرنا جائز نہیں۔

مزید پڑھیے: طالبان پاکستان مخالف فتنۂ خوارج کا ساتھ چھوڑیں یا پھر اپنے انجام کے لیے تیار رہیں، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر

علّامہ عارف الواحدی نے بتایا کہ جب حضور ﷺ عساکر روانہ کرتے تھے تو سختی سے ہدایت کرتے تھے کہ عورتوں بچوں اور لڑائی نہ کرنے والوں کے خلاف ہتھیار نہ اُٹھائے جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

بلوچستان میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے تباہی، متعدد ہلاکتیں

مجھ سے جلنے والوں کی اپنی کوئی پہچان نہیں، دیدار کے الزامات پر ریشم کا سخت ردعمل

ماہرین کا گوگل پر زور: بچوں کے لیے یوٹیوب پر اے آئی ویڈیوز بند کریں

پاکستان کی لبنان میں اقوامِ متحدہ کے امن دستوں پر حملوں کی مذمت، جنگی جرم قرار

ٹرمپ کا ایران جنگ جاری رکھنے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

ویڈیو

سعودی عرب سے ترسیلات اور حجاز مقدس سے متعلق شہریوں کے خیالات

حج اور عمرہ کی یادیں جو آنکھوں کو نم کر دیں

ایئر پنجاب کی پہلی پرواز نومبر تک متوقع ہے، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان

کالم / تجزیہ

’میں نے کہا تھا ناں کہ پھنس جائیں گے؟‘

ہز ماسٹرز وائس

ایران یا سعودی عرب: پاکستان کو مشکل فیصلہ کرنا پڑ سکتا ہے؟